شدید کہرا کے باعث دربھنگہ ایئرپورٹ بند، تمام پروازیں منسوخ، مسافر ناراض

ایئرلائنس کمپنیوں نے دربھنگہ ایئرپورٹ سے پروازوں کی منسوخی کی خبر اپنی اپنی ویب سائٹس پر دے دی تھی، لیکن اس سے قبل ہی کئی مسافر ایئرپورٹ پہنچ گئے تھے۔

<div class="paragraphs"><p>دربھنگہ ایئرپورٹ، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

دربھنگہ ایئرپورٹ، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

دربھنگہ: شدید کہرے اور سردی کی وجہ سے دربھنگہ ائیرپورٹ آج (18 جنوری) مکمل طور پر بند رہا۔ یہاں سے اڑنے والی تمام 12 پروازیں رد رہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ اس سال یہ تیسری بار ہے جب اس ایئرپورٹ سے تمام پروازیں رد کر دی گئیں۔ اس سے قبل شدید کہرے کی وجہ سے 15 جنوری کو بھی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔ آج کی بات کی جائے تو دہلی سے دربھنگہ آنے والی دو پروازیں رد کی گئیں، جبکہ کولکاتا، بنگلورو، حیدرآباد، ممبئی کی ایک ایک پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ پروازوں کے منسوخ ہونے کے باوجود عدم معلومات کے سبب بہت سے مسافر ایئرپورٹ پہنچ گئے تھے اور جب انہیں فلائٹس کینسل ہونے کی اطلاع ملی تو شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق موسم کی خرابی کی وجہ سے پروازوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اور جب اس کی اطلاع مسافروں کو ملی تو ایئرپورٹ پر افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ حالانکہ متعلقہ ایئرلائنس کمپنیوں نے اپنی اپنی ویب سائٹ پر اس کی اطلاع ضرور دے دی تھی، لیکن اس سے قبل ہی کئی مسافر ایئرپورٹ پہنچ گئے تھے۔ لوگوں کو کہنا تھا کہ انہیں بروقت اطلاع نہیں دی گئی جس کی وجہ سے انھیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور وقت بھی ضائع ہوا۔


پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے لوگوں میں حکومت کے تئیں بھی ناراضگی دیکھنے کو ملی۔ مدھوبنی کے جے نگر باشندہ اتّم گوکشی نے کہا کہ ’’ہمیں ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد پرواز منسوخ ہونے کی اطلاع مل سکی۔ ہمیں کولکاتا پہنچ کر ضروری میٹنگ میں شریک ہونا تھا۔‘‘ لوگوں کو اس بات سے بھی ناراضگی ہے کہ مہنگے ٹکٹ لینے کے باوجود وقت پر سفر نہیں کر پا رہے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ دربھنگہ ایئرپورٹ سے دوبارہ اڑان شروع ہوئے تین سال سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے لیکن ابھی تک یہاں سہولیات کا زبردست فقدان ہے۔ خراب موسم اور رات میں فلائٹ کے اترنے و پرواز کرنے کی سہولت ابھی تک ندارد ہے۔ گراؤنڈ لائٹنگ کا کام بھی اب تک پورا نہیں ہو سکا ہے۔ ایسے میں موسم کے خراب ہوتے ہی ایئرپورٹ سے فلائٹس کے رد ہونے کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔