گردابی طوفان ’سترنگ‘ کا اثر شروع، مغربی بنگال کے جنوبی اضلاع میں تیز بارش، این ڈی آر ایف کی ٹیم تعینات

سِترنگ گردابی طوفان کے اثر سے 25 اور 26 اکتوبر کو آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں زوردار بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بارش، فائل تصویر یو این آئی
بارش، فائل تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

خلیج بنگال میں پیدا ہو رہے گردابی طوفان ’سِترنگ‘ کا اثر مغربی بنگال کے اضلاع میں دکھائی دینے لگا ہے۔ اس گردابی طوفان کو لے کر پہلے ہی الرٹ جاری کیا جا چکا ہے اور کچھ ریاستوں میں زوردار بارش ہونے کا امکان بھی پہلے ہی ظاہر کر دیا گیا تھا۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق کولکاتا سمیت مغربی بنگال کے جنوبی اضلاع میں 24 اکتوبر کی صبح ہلکی پھلکی بارش شروع ہوئی تھی، جس نے اب تیزی اختیار کر لی ہے۔ جس طرح کے حالات بنتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، اس سے اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ گردابی طوفان سِترنگ بنگال کے ساحلی علاقوں، خصوصاً سندربن میں زبردست تباہی برپا کر سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سِترنگ گردابی طوفان 25 اکتوبر کی صبح بنگلہ دیش کے تکونا اور سندویپ کے درمیان ساحل سے ٹکرائے گا۔ ویسے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ یہ طوفان پیر کی صبح سمندری جزیرہ سے تقریباً 430 کلومیٹر جنوب مرکوز تھا۔ اس طوفان کے اثر سے 25 اور 26 اکتوبر کو آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں زوردار بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ یعنی بنگال کے ساحلی علاقوں میں 24 اکتوبر کی دیر شام مشکل حالات پیدا ہو سکتے ہیں، اور 25 و 26 اکتوبر کو گردابی طوفان سِترنگ خطرناک شکل اختیار کر سکتا ہے۔


اس درمیان محکمہ موسمیات نے خلیج بنگال اور اس سے ملحق مشرق وسطیٰ کی خلیج کے اوپر گردابی طوفان پیدا ہونے، یا پھر سنگین گردابی طوفان میں بدلنے کے اندیشہ کو دیکھتے ہوئے ماہی گیروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 25 اکتوبر تک سمندر میں نہ جائیں۔ ساحلی علاقوں میں بھی لوگوں کو سِترنگ سے متعلق الرٹ کر دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔