زیادہ 'غدار-غدار' کہو گے تو ہم بھی بی جے پی میں شامل ہو جائیں گے: کنہیا کمار

انتخابی تشہیر کے دوران بی جے پی پر طنز کے تیر چلاتے ہوئے کنہیا کمار نے کہا کہ "زیادہ غدار-غدار کہو گے تو ہم بھی بی جے پی میں شامل ہو جائیں گے اور پھر میرے اوپر لگے سبھی الزامات ختم ہو جائیں گے۔"

کنہیا کمار، تصویر سوشل میڈیا
کنہیا کمار، تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

بہار اسمبلی انتخاب کے پیش نظر سیاسی سرگرمیاں بہت تیز ہو گئی ہیں۔ پہلے مرحلہ کی ووٹنگ قریب ہے اس کو لے کر انتخابی تشہیر اپنے عروج پر ہے۔ اس درمیان سی پی آئی لیڈر اور جے این یو اسٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر کنہیا کمار بھی بہار انتخاب میں اپنی پارٹی کی تشہیر کا ذمہ بخوبی سنبھالے ہوئے ہیں۔ اپنی پارٹی امیدواروں کے لیے وہ زور و شور سے جلسے کر رہے ہیں۔

کنہیا کمار نے پیر کے روز بکھری اور تیگھڑا سیٹ سے انتخاب لڑ رہے پارٹی امیدواروں کے لیے ایک جلسہ کیا۔ اس سے خطاب کرتے ہوئے کنہیا نے کہا کہ 2015 کے انتخاب میں لوگوں نے جے ڈی یو، آر جے ڈی اور کانگریس کے مہاگٹھ بندھن کو ووٹ دیا تھا اور نتیش کمار وزیر اعلیٰ بنے تھے، لیکن بی جے پی نے وزیر اعلیٰ کو ہی ہیک (اغوا) کر لیا۔


کنہیا کمار نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایسا لیڈر منتخب کریں جو جیت ملنے کے بعد کسی دیگر پارٹی میں نہ چلا جائے۔ کنہیا نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "پہلے کہا جاتا تھا کہ ای وی ایم ہیک ہوتی ہے، لیکن اب تو یہاں بی جے پی 'سی ایم' کو ہی ہیک کر لے رہی ہے۔" انھوں نے مزید کہا کہ "جو لیڈر بی جے پی میں جاتا ہے ان کے سارے گناہ دھل جاتے ہیں۔ کنہیا نے بی جے پی پر طنز کستے ہوئے کہا کہ جیوترادتیہ سندھیا جب کانگریس میں تھے تب انھیں خراب کہا جاتا تھا۔ جیسے ہی وہ بی جے پی میں گئے وہ پاک صاف ہو گئے۔" طنز کے تیر چلاتے ہوئے کنہیا کمار نے آگے کہا کہ "ہم نے بھی کہا ہے، زیادہ دیش دروہی- دیش دروہی (غدار-غدار) کہو گے تو ہم بھی بی جے پی میں شامل ہو جائیں گے، اور پھر میرے اوپر لگائے گئے سبھی الزامات ختم ہو جائیں گے۔"

واضح رہے کہ بہار اسمبلی انتخاب میں سی پی آئی مہاگٹھ کا حصہ ہے۔ بیگوسرائے کی بکھری اور تیگھڑا سیٹ سی پی آئی کے حصے میں گئی ہے۔ پارٹی کے دونوں امیدواروں نے پیر کے روز نامزدگی کا پرچہ داخل کیا۔ اس موقع پر کنہیا کمار بھی ان کے ساتھ تھے۔ نامزدگی کے بعد ایک جلسہ منعقد ہوا تھا، جس میں حصہ لیتے ہوئے کنہیا کمار نے بی جے پی کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔ کنہیا کمار نے کہا کہ "اب عوام سمجھ چکی ہے اور وہ ترقی کے ایشو پر ووٹ کرے گی نہ کہ جملے بازوں کی جملہ بازی سے متاثر ہو کر ووٹنگ کرے گی۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔