اتراکھنڈ میں جلد قائم ہوگا ملک کا پہلا سرکاری ’ماں کے دودھ کا بینک‘، یتیم بچوں کے لئے اہم اقدام

رپورٹ کے مطابق یہ ملک کا پہلا سرکاری مدر ملک بینک ہوگا، جہاں سے ان نوزائدہ بچوں کو دودھ فراہم کیا جائے گا جن کی ماں کی موت زچگی کے دوران ہو گئی ہو۔

<div class="paragraphs"><p>ماں کے دودھ کا بینک، علامتی تصویر/ Getty Images</p></div>

ماں کے دودھ کا بینک، علامتی تصویر/ Getty Images

user

قومی آوازبیورو

دہرادون: اتراکھنڈ کی حکومت نے یتیم نوزائدہ بچوں کی ضروریات کو پوری کرنے کی سمت میں اہم اقدام لیتے ہوئے مدر ملک بینک یعنی ماں کے دودھ کا بینک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ ملک کا پہلا سرکاری مدر ملک بینک ہوگا، جہاں سے ان نوزائدہ بچوں کو دودھ فراہم کیا جائے گا جن کی ماں کی موت زچگی کے دوران ہو گئی ہو۔

ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر دھن سنگھ راوت نے کہا کہ ریاست میں نوزائدہ بچوں کی شرح اموات کو کم کرنے کے لئے حکومت حاملہ خواتین کے بچوں کی ادارتی پیدائش پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے اطلاع دی کہ یہ موجودہ حکومت کی کوششوں کا ہی ثمر ہے کہ نوزائدہ بچوں کی شرح اموات کے معاملہ میں اترکھنڈ 32 ویں مقام سے آج 26 ویں مقام پر آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں ریاست کی پوزیشن کو مزید بہتر کرنے کی کوشش جاری ہے۔


حکومت نے حاملہ خواتین کو اسپتالوں تک مفت پہنچانے کے انتظامات کیے ہیں۔ ایسی اسکیم بھی چلائی جا رہی ہے، جس کے تحت حاملہ خواتین کو 2000 روپے، ماؤں کو کھانے کے لیے 1500 روپے اور بچے کا نام رکھنے پر 500 روپے دیئے جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے بچوں کی ماں کی شرح اموات کو کم کرنے کے لئے ایک اور اسکیم تیار کی جا رہی ہے۔ اس کے تحت حاملہ خواتین کو 15 دن پہلے ہوم اسٹے میں رکھا جائے گا۔ اس کے لئے ہوٹلوں، اسپتالوں وغیرہ میں انتظامات کئے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔