بجٹ اجلاس طلب کرنے سے گورنر کے انکار کا معاملہ، حکومت پنجاب کی عرضی پر سماعت کرے گا سپریم کورٹ

پنجاب گورنرنے کہا کہ وہ ہتک آمیز اور غیر آئینی ٹوئٹس اور وزیر اعلیٰ بھگونت مان کے لکھے گئے خط پر قانونی مشورہ لینے کے بعد ہی 3 مارچ کو مجوزہ ریاستی بجٹ اجلاس کی اجازت دینے کے حوالہ سے فیصلہ کریں گے۔

بھگونت مان
بھگونت مان
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: حکومتِ پنجاب نے ریاستی گورنر کی جانب سے 3 مارچ کو اسمبلی کا بجٹ اجلاس طلب کرنے سے انکار کرنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ حکومت پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا کی بنچ سے استدعا کی کہ گورنر نے کہا ہے کہ چونکہ وزیر اعلیٰ نے غیر متعلقہ معاملات پر کچھ بیانات دیئے ہیں اس لئے وہ اجلاس طلب نہیں کریں گے۔ عدالت عظمیٰ نے سہ پہر 3.50 بجے اس معاملے پر سماعت کرنے کا فیصلہ کیا۔

گزشتہ ہفتے گورنر بنواری لال پروہت نے کہا تھا کہ وہ ہتک آمیز اور غیر آئینی ٹوئٹس اور وزیر اعلیٰ بھگونت مان کے لکھے گئے خط پر قانونی مشورہ لینے کے بعد ہی 3 مارچ کو مجوزہ ریاستی بجٹ اجلاس کی اجازت دینے کے حوالہ سے فیصلہ کریں گے۔ وزارتی کونسل نے بجٹ اجلاس 3 سے 24 مارچ تک منعقد کرنے کی سفارش کی تھی اور اس کی منظوری کے لئے گورنر کو خط بھیجا گیا تھا۔


پروہت نے اپنے خط کے جواب میں وزیر اعلیٰ کی طرف سے 13 اور 14 فروری کو کیے گئے ٹوئٹ اور خط کو دوبارہ پیش کیا۔ گورنر نے 13 فروری کو گزشتہ چند ہفتوں کے دوران عام آدمی پارٹی (عآپ) حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کے ذریعے لیے گئے فیصلوں پر سوال اٹھائے تھے۔ جن میں اساتذہ کو تربیت کے لیے سنگاپور بھیجے جانے والے اساتذہ کے انتخاب میں شفافیت کی کمی بھی شامل تھی۔

انہوں نے پنجاب انفوٹیک کے چیئرپرسن کے طور پر ایک داغدار شخص کی تقرری پر بھی سوال اٹھایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جائیداد پر قبضے اور اغوا کے مقدمات میں ملزم ہیں۔ گورنر نے ہیڈ ماسٹروں کو سنگاپور بھیجنے کے لیے ان کے تمام انتخابی عمل کے معیار اور تفصیلات طلب کی تھیں، کیونکہ شفافیت کے فقدان کے الزامات تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔