نوٹ بندی کے بعد فڈنویس کی پشت پناہی میں جعلی نوٹوں کا دھندہ! نواب ملک کا جوابی حملہ

نواب ملک نے کہا کہ نوٹ بندی کے بعد 8 اکتوبر 2017 تک مہاراشٹر میں ایک سال تک جعلی نوٹوں کا ایک بھی معاملہ سامنے نہیں آیا۔ کیونکہ جعلی نوٹوں کا کھیل دیویندر فڈنویس کی پشت پناہی میں چل رہا تھا۔

نواب ملک، تصویر یو این آئی
نواب ملک، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک نے بدھ کے روز ایک مرتبہ پھر پریس کانفریس سے خطاب کیا اور ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس پر نشانہ لگایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مہاراشٹر میں جعلی نوٹوں کا دھندہ دیویندر فڈنویس کی پشت پناہی میں چل رہا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے نواب ملک پر الزام عائد کیا تھا کہ ان کے ممبئی کے انڈر ورلڈ سے تعلقات ہیں اور انہوں نے ممبئی میں 1993 میں ہونے والے دھماکوں کے سزا یافتہ مجرموں کی املاک سستے داموں میں خریدی تھی۔ نواب ملک نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دیویندر فڈنویس کے حوالہ سے ’ہائیڈروجن بم‘ کا دھماکہ کریں گے۔


پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نواب ملک نے کہا، ’’جب وزیر اعظم نریندر مودی نے نوٹ بندی کا فیصلہ لیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ اس سے کالا دھن اور دہشت گردی کے علاوہ جعلی نوٹوں کا دھندہ بھی بند ہو جائے گا۔ لیکن تمام ریاستوں سے جعلی نوٹ برآمد ہوئے صرف مہاراشٹر سے نہیں ہوئے۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’نوٹ بندی کے بعد 8 اکتوبر 2017 تک مہاراشٹر میں ایک سال تک جعلی نوٹوں کا ایک بھی معاملہ سامنے نہیں آیا۔ کیونکہ جعلی نوٹوں کا کھیل دیویندر فڈنویس کی پشت پناہی میں چل رہا تھا۔ 8 اکتوبر 2017 کو ڈائریکٹر انٹیلی جنس ریوینیو نے ایک چھاپہ کے دوران 14 کروڑ 56 لاکھ روپے کے جعلی نوٹ پکڑے لیکن اس معاملہ کو رفع دفع کرنے میں فڈنویس نے مدد کی۔ اس معاملہ میں ممبئی، پونے سے عمران عالم شیخ اور نوی ممبئی سے ایک ایک شخص کو گرفتار کیا گیا لیکن 14 کروڑ 56 لاکھ روپے کے جعلی نوٹوں کے معاملے کو 8 لاکھ 80 ہزار روپے بتا کر دبا دیا گیا۔‘‘


نواب ملک نے مزید کہا، ’’پاکستان کے جعلی نوٹ ہندوستان میں چلے، معاملہ درج ہوتا ہے اور کچھ دنوں میں ضمانت ہو جاتی ہے۔ معاملہ این آئی اے کو نہیں دیا جاتا۔ معاملہ کی حتمی جانچ آگے نہیں بڑھتی کیونکہ یہاں جو جعلی نوٹوں کا گروہ چل رہا تھا اسے اس وقت کی حکومت کی پشت پناہی حاصل تھی۔ پھر کہانی بنائی گئی کہ ملزم کانگریس کا لیڈر ہے لیکن وہ کانگریس کا لیڈر کبھی نہیں رہا۔ کھیل یہ تھا کہ گر پکڑا جائے تو الزام کانگریس پر لگا دو۔‘‘

نواب ملک نے کہا ’’جس عمران عالم شیخ کو پونے سے گرفتار کیا گیا تھا اس کے بھائی حاجی عرفات شیخ کو مہاراشٹر اقلیتی کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ دیویندر فڈنویس نے سیاست کو پوری طرح مجرمانہ بنا دیا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔