کورونا سے نمٹنے کے لئے ریاستوں کو ایک لاکھ کروڈ کا پیکیج جاری کیا جائے: کانگریس

کانگریس نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ریاستی حکومتوں کو ایک لاکھ کروڑ کا اقتصادی پیکیج جاری کیا جائے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس نے کہا کہ 21 دنوں کا لاک ڈاؤن کی وجہ سے ریاستوں کی سرحدیں سیل ہیں اور آمدورفت میں رکاوٹ ہونے سے ضروری اشیا کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں جسے روکنے کے لئے سپلائی چین جاری رکھنے کی سخت ضروری ہے۔ کانگریس نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ریاستی حکومتوں کو ایک لاکھ کروڑ کا اقتصادی پیکیج جاری کیا جائے۔


کانگریس کی ترجمان سپریا شری نیت نے ہفتے کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ ریاستوں سے کورونا بحران سے نمٹنے کے لئے ایک لاکھ کروڑ روپے کا اقتصادی پیکیج دیا جائے۔ نیز، ریاستوں کا جی ایس ٹی محصول بھی ادا کا جائے۔ کانگریس نے کہا کہ اگر ریاستوں کو جی ایس ٹی واجبات کی بروقت ادائیگی نہیں کی جاتی تو کورونا کے خلاف جنگ متاثر ہو سکتی ہے اور امدادی کام متاثر ہو سکتے ہیں۔

پارٹی کی ترجمان سپریا شری نیت نے یہ بھی کہا کہ مرکزی حکومت کو کورونا کے خلاف جنگ میں ریاستی حکومتوں اور سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر اتفاق رائے سے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپلائی چین ٹوٹنے سے مہنگائی آسمان چھونے لگی ہے اور سپلائی چین کو درست نہیں کیا گیا تو مہنگائی روکنی مشکل ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو لاک ڈاؤن کے دوران سپلائی چین نظام کے لئے اور زیادہ سرگرم کردار ادا کرنا چاہیے۔


ریاستوں کی سرحدوں کو سیل کردیا گیا ہے اور ضروری اشیا سے بھرے ٹرک مختلف ریاستوں کی سرحدوں پر کھڑے ہیں۔ اس سے نہ صرف قیمتوں میں اچھال آرہا ہے بلکہ آنے والے دنوں میں ضروری اشیا کی قلت بہت بڑھ جائے گی اس لئے حکومت کو سپلائی چین کو بلا رکاوٹ بنائے رکھنے کے لئے پختہ قدم اٹھانے چاہیے۔

ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقدہ پریس کانفرنس میں کانگریس کی ترجمان سپریا شری نیت نے کہا ’’ہم مرکزی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ریاستی حکومتوں کو اہل بنائیں کیونکہ ریاستی حکومتیں صف اول میں کھڑی ہو کر کورونا سے لڑ رہی ہیں۔ ریاستی حکومتوں کو اسپتالوں اور غریبوں کے لئے وسائل کی ضرورت ہے۔ مدد کے لئے پیسوں کی ضرورت ہے۔ مرکزی حکومت فوری طور پر ریاستی حکومتوں کے لئے ایک لاکھ کروڑ روپے کا کورونا پیکیج جاری کرے۔ ساتھ ہی جی ایس ٹی آمدنی میں مرکزی حکومت پر مختلف ریاستی حکومتوں کا 42 ہزار کروڑ روپے بقایا ہے، اس کو فوری طور پر واگزار کیا جائے۔‘‘


کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ مرکز اور آر بی آئی کو ریاستی حکومتوں کے لئے اس طرح کے التزامات کرنے چاہیے کہ انہیں صفر سود کی شرح پر قرض مل سکے۔ اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو مدنظر رکھتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ مختلف ریاستوں کی سرحدوں کو سیل کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ضروری چیزوں کی فراہمی سے جڑے ٹرک تعطل کا شکار ہیں۔ ایسی صورتحال میں مرکزی حکومت کو ایسے ٹرکوں کی آمد و رفت کو یقینی بنانا چاہیے تاکہ فراہمی متاثر نہ ہو۔

کانگریس نے کہا کہ کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لئے یہ تسلیم کرنا ضروری ہے کہ اس لڑائی میں ریاستی حکومتیں سب سے اہم لڑائی لڑ رہی ہیں۔ ایسی صورتحال میں ریاستی حکومتوں سے بھی حکمت عملی اور قواعد بنانے کے بارے میں بات کی جانی چاہیے۔ مرکزی حکومت کو اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی بات کرنی چاہیے۔ ترجمان سپریا شری نیت نے کہا کہ یہ لڑائی سب کو ساتھ لے کر ہی جیتی جا سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔