کورونا کا جی ایس ٹی آمدنی پر زبردست منفی اثر، 2.35 لاکھ کروڑ روپے کمی کا تخمینہ

نرملا سیتارمن نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ رواں مالی سال میں جی ایس ٹی کی تلافی آمدنی صرف 65 ہزار کروڑ روپے تک محدود ہونے کی توقع ہے، جبکہ 3 لاکھ کروڑ روپے کی آمدنی ہونے کی توقع تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات کے سبب رواں مالی سال میں جی ایس ٹی محصولات میں 2.35 لاکھ کروڑ روپے کی کمی متوقع ہے اور اس کے پیش نظر ریاستوں کو تلافی کی رقم کی ادائیگی کے لئے مختلف متبادلوں پر غور کیا جارہا ہے۔ آج وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کی زیرصدارت منعقدہ جی ایس ٹی کونسل کے 41 ویں اجلاس میں اس پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے بعد وزیر خزانہ نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ رواں مالی سال میں جی ایس ٹی کی تلافی آمدنی صرف 65 ہزار کروڑ روپے تک محدود ہونے کی توقع ہے، جب کہ اس میں 3 لاکھ کروڑ روپے کی آمدنی ہونے کی توقع کی جارہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ معاوضے کی مد میں ہونے والی اس زبردست گراوٹ کو پورا کرنے کے لئے اجلاس میں متعدد تجاویز پیش کی گئیں جن میں معاوضے کی مدت میں جون 2022 سے آگے تک توسیع کرنا بھی شامل ہے۔ اس کے ساتھ رقم قرض لے کر بھی اس کی تلافی کرنے پر غور کیا گیا۔ اس میں ریزرو بینک کے توسط سے رقم اکٹھا کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور سات دنوں کے اندر اس کو حتمی شکل دینے اور کونسل کے اجلاس میں اس پر دوبارہ تبادلہ خیال کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔


وزارت خزانہ کے سکریٹری اجے بھوشن پانڈے نے اس موقع پر کہا کہ سنٹرل ریونیو سے تلافی کی رقم کی ادائیگی کے قانونی پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا ہے اور اٹارنی جنرل نے واضح کیا ہے کہ سنٹرل ریونیو سے اس کی ادائیگی نہیں کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپریل سے جولائی کے دوران رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں جی ایس ٹی تلافی محصول میں تقریبا 1.50 لاکھ کروڑ روپے کی کم وصولی ہوئی ہے۔ ریاستوں کو ہر دو مہینے میں معاوضے کی ادائیگی کی جاتی ہے اور رواں مالی سال میں ریاستوں کو دو قسطوں کی ادائیگی نہیں ہوسکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے پیش نظر، کسی بھی چيز پر جی ایس ٹی کی شرح میں اضافے پر اجلاس میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ ریاستوں، خاص طور پر کانگریس یا اس کی اتحادیوں کی ریاستی حکومتوں نے مرکز سے تقریبا 1.45 لاکھ کروڑ کے معاوضے کی عدم ادائیگی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے مرکز سے کورونا وائرس کی منفی صورتحال میں جلد از جلد معاوضے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔