کورونا بحران: قومی راجدھانی دہلی میں ’یلو الرٹ‘ جاری، ’سخت ہوں گی پابندیاں‘ کیجریوال کا اعلان

اروند کیجریوال نے کہا کہ کورونا سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ بیشتر معاملوں میں سنگین علامات ظاہر نہیں ہو رہی ہیں۔

اروند کیجریوال، تصویر یو این آئی
اروند کیجریوال، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: وزیر اعلیٰ دہلی اروند کیجریوال نے منگل کے روز اعلان کیا کہ کورونا کے معاملوں میں اضافہ کے پیش نظر پابندیوں کو مزید سخت کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا، ’’جولائی میں ہم نے جی آر اے پی (گریڈیڈ ریسپانس ایکشن پلان) بنایا تھا تاکہ سائنسی طریقہ سے پابندیاں عائد کی جا سکیں۔ دہلی میں جی آر اے پی کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ابھی یلو الرٹ جاری اور کچھ پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ دو دن سے زیادہ وقت سے 0.5 فیصد کورونا پازیٹوٹی کی شرح درج کی جا رہی ہے۔ ہم گریڈیڈ ریسپانس ایکشن پلان کے تحت لیول 1 (یلو الرٹ) کو جاری کر رہے ہیں۔ عائد ہونے والی پابندیوں کے تعلق سے ایک تفصیلی حکم نامہ جلد ہی جاری کر دیا جائے گا۔‘‘


اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ کورونا سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ بیشتر معاملوں میں سنگین علامات ظاہر نہیں ہو رہی ہیں۔ کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے مریضوں کو آئی سی یو، وینٹی لیٹر یا آکسیجن بیڈ کی ضرورت نہیں پڑی ہے، تو فکر کرنے کی بات نہیں ہے۔ اس مرتبہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے 10 گنا زیادہ تیاری کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بازار اور مالز میں ہجوم کی تصاویر منظر عام پر آ رہی ہیں اور لوگوں نے ماسک بھی نہیں لگایا ہوا ہے۔ اب تصویریں سامنے نہیں آنی چاہئیں، کیونکہ اگر اس طرح کی تصویریں منظر عام پر آئیں تو بازار بند کرنے پڑیں گے اور اس سے لوگوں کو معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑے گا۔


یلو الرٹ کیا ہوتا ہے؟

یلو الرٹ اس وقت جاری کیا جاتا ہے جب کورونا سے متاثر ہونے کی شرح لگاتار دو دن تک 0.5 فیصد سے زیادہ رہتی ہے۔ اس میں رات میں کرفیو لگانا، اسکول کالجوں کو بند کرنا، غیر ضروری سامان کی دکانوں کو طاق و جفت کی بنیاد پر کھولنا اور میٹرو و عوامی نقل و حمل سے متعلق بسوں میں مسافروں کی تعداد آدھی کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔