کورونا بحران: مودی نے جنرل راوت کے ساتھ مسلح افواج کی تیاریوں کا جائزہ لیا

جنرل وپن راوت نے کہا کہ بڑی تعداد میں میڈیکل سینٹر بنائے جا رہے ہیں اور ان میں عام شہریوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: ملک میں کورونا وبا کے بڑھتے قہر کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے آج چیف آف ڈیفنس جنرل وپن راوت کے ساتھ مسلح افواج کے ذریعہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے کی جانے والی تیاریوں اور دیگر منصوبوں کا جائزہ لیا۔ جنرل راوت نے وزیر اعظم کو بتایا کہ گزشتہ دو برسوں میں مسلح افواج سے سبکدوش ہونے والے تمام طبی عملے کو ان کے نزدیکی کووڈ سینٹروں میں کام کرنے کے لئے بلایا جا رہا ہے۔ اس سے قبل سبکدوش ہونے والے طبی اہلکاروں سے بھی ہیلپ لائن کے ذریعے تعاون کرنے کو کہا گیا ہے۔

جنرل راوت نے بتایا کہ ساتھ ہی اسٹاف ہیڈ کوارٹروں میں تعینات تمام میڈیکل افسروں کو بھی اسپتالوں میں ڈیوٹی کے لئے بھیجا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی ڈاکٹروں کے تعاون کے لئے اسپتالوں میں نرسنگ اسسٹنٹس کو بھی بڑی تعداد میں اسپتالوں میں تعینات کیا جا رہا ہے۔ مختلف اداروں میں دستیاب آکسیجن سلنڈر بھی اسپتالوں میں بھیجے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں میڈیکل سینٹر بنائے جا رہے ہیں اور ان میں عام شہریوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔


وزیر اعظم نے ایئر فورسز کے ذریعہ ملک کے مختلف مقامات سے اور غیر ممالک سے آکسیجن لانے کے لئے چلائی جا رہی مہم کا بھی جائزہ لیا۔ اس کے ساتھ ہی دور افتادہ علاقوں میں رہنے والے سبکدوش ریاستی اور مرکزی ملٹری ویلفیئر بورڈز کے ساسھ سہولیات فراہم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔