4 ستمبر کو رام لیلا میدان میں کانگریس کی مہنگائی پر 'ہلہ بول ریلی'

کانگریس مہنگائی کے خلاف ہلہ بول ریلی کے ذریعہ مرکزی حکومت کے غیر حساس رویہ کو عوام کے سامنے بے نقاب کرے گی۔ ریلی کے ذریعے نریندر مودی حکومت کو سخت پیغام دیا جائے گا۔

کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش
کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش
user

قومی آوازبیورو

کانگریس ایک بار پھر مہنگائی کے خلاف مودی حکومت کو گھیرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ کانگریس پارٹی مہنگائی کے خلاف ہلہ بول ریلی نکالنے جا رہی ہے۔ جس کی نئی تاریخ کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ کانگریس کے مطابق پارٹی 4 ستمبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں اس ریلی کا اہتمام کرے گی۔ کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ پہلے اس کی تاریخ 28 اگست مقرر کی گئی تھی۔ اب اس میں تھوڑی سی تبدیلی کی گئی ہے۔

جے رام رمیش نے بتایا کہ مہنگائی پر ’ہلہ بول ریلی‘ کی تاریخ تبدیل کر دی گئی ہے۔ اب اس کا انعقاد 4 ستمبر کو ہوگا۔ یہ تبدیلی قومی راجدھانی دہلی میں کورونا کی صورتحال کے پیش نظر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ریلی کو راہل گاندھی خطاب کریں گے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ 22 اگست کو ہر ریاست میں ہلہ بول، دہلی چلو ریلی نکالی جائے گی۔ 25 اگست کو ضلع سطح پر اور 27 اگست کو مختلف ریاستوں میں بلاک سطح پر ایک ریلی نکالی جائے گی۔


جئے رام رمیش نے کہا کہ اس کے علاوہ 3500 کلومیٹر طویل 'بھارت جوڑو یاترا' 7 ستمبر کو کنیا کماری سے شروع ہوگی۔ اس ریلی میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی بھی موجود رہیں گے۔ جے رام رمیش نے پریس کانفرنس میں کہا کہ 'ہلہ بول ریلی' میں مہنگائی، جی ایس ٹی، بے روزگاری پر آواز اٹھائی جائے گی۔ جے رام رمیش نے کہا کہ اس ریلی کے ذریعے مرکزی حکومت کے غیر حساس رویہ کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔ ریلی کے ذریعے نریندر مودی حکومت کو سخت پیغام دیا جائے گا۔ یہ ریلی دہلی کے رام لیلا میدان میں منعقد کی جانی ہے، جس سے راہل گاندھی سمیت پارٹی کے کئی سینئر لیڈر خطاب کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔