ہماچل اور گجرات میں کانگریس کی جیت ہوگی: سچن پائلٹ

سچن پائلٹ نے کہا کہ ہماچل پردیش میں اگر حکومت کے کام کی بنیاد پر حکومت دوبارہ چن کر آتی تو پی ایم نریندر مودی اور امت شاہ کو چھوٹی ریاست میں بار بار انتخابی دورے کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔

سچن پائلٹ، تصویر آئی اے این ایس
سچن پائلٹ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جے پور: راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ نے ہماچل پردیش اور گجرات میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی جیت کا دعویٰ کیا ہے۔ سچن پائلٹ نے آج یہاں اپنی رہائش گاہ پر یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہماچل پردیش میں 12 نومبر کو انتخابات ہوں گے اور وہ ہماچل میں پارٹی کے لیے انتخابی مہم چلانے کے بعد آئے ہیں، جہاں پانچ سال سے بی جے پی کی حکومت ہے، اس بار تبدیلی کی لہر نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماچل پردیش میں اگر حکومت کے کام کی بنیاد پر حکومت دوبارہ چن کر آتی تو وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو چھوٹی ریاست میں بار بار انتخابی دورے کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔

انہوں نے کہا کہ اس بار ان کے ڈبل انجن میں ایک انجن 12 نومبر کو فیل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماچل پردیش میں کانگریس نے سوچ سمجھ کر ٹکٹ دیا ہے اور انتخابات کے لیے پارٹی نے لوگوں کو ایک لاکھ نوکریاں، 18 سالہ خاتون کو 1500 روپے ماہانہ الاؤنس، 300 یونٹ بجلی مفت دینے کا وعدہ کیا ہے۔ ان وعدوں کو لوگوں نے قبول کر لیا ہے اور کانگریس اچھی جیت حاصل کر کے حکومت بنائے گی۔


راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کو تاریخی یاترا قرار دیتے ہوئے سچن پائلٹ نے کہا کہ 70 سالوں میں کسی لیڈر نے اس طرح کی یاترا نہیں کی اور وہ روزانہ 30 کلومیٹر کا سفر کر رہے ہیں، اب تک 1200 کلومیٹر کا سفر طے کر چکے ہیں جو کوئی چھوٹی بات نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔