’کرناٹک اسمبلی انتخاب میں کانگریس 136 نشستوں پر کامیاب ہوگی، بی جے پی حکومت چند دنوں کی مہمان‘، شیوکمار کا دعویٰ

کانگریس لیڈر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ ہم نے سبھی انتخابی حلقوں میں دو یا تین بار سروے کیا ہے، لوگوں کا رد عمل اچھا رہا اور ہم آرام سے 136 سیٹیں جیتیں گے۔

ڈی کے شیو کمار، تصویر آئی اے این ایس
ڈی کے شیو کمار، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کرناٹک کانگریس نے جمعہ کے روز دعویٰ کیا کہ وہ ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخاب میں بہ آسانی 136 سیٹیں جیت لے گی۔ اس درمیان ریاستی کانگریس صدر ڈی کے شیوکمار اور اپوزیشن لیڈر سدارمیا نے ریاست کے جنوبی اور شمالی علاقوں سے الگ الگ بس یاترا شروع کی۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شیوکمار نے کہا کہ ’’50 دنوں کے بعد بی جے پی حکومت نہیں رہنے والی۔ کانگریس حکومت 50 دنوں کے بعد ریاست میں برسراقتدار ہو رہی ہے۔‘‘

ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ ہم نے سبھی انتخابی حلقوں میں دو یا تین بار سروے کیا ہے۔ لوگوں کا رد عمل مثبت ہے۔ ہم آرام سے 136 سیٹیں جیتیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اسمبلی انتخاب کے لیے امیدواروں کی فہرست کو آخری شکل دینے کے لیے میٹنگ بغیر کسی اعتراض یا لیڈروں کے عدم اطمینان کے بہتر ماحول میں منعقد کی گئی۔


سدارمیا نے کرناٹک کے لیے اب تک 13 بجٹ پیش کیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں 16 سال سے حکومت کا حصہ ہوں۔ ریاست میں فیملی کی ہر خاتون مکھیا اور دیگر کو 2000 روپے دینے کے اپنے وعدے کو پورا کرنے کے لیے ہمارے پاس فنڈ کے انتظام سے متعلق آئیڈیا ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ کانگریس پارٹی نے جمعہ کے روز ریاست میں اپنی بس یاترا کے دوسرے مرحلہ کی شروعات کی۔ شیوکمار نے کولار میں ملبگل شہر کے پاس کرودوملے سے یاترا شروع کی ہے۔ دوسری طرف سدارمیا شمالی کرناٹک کے بسوکلیان سے یاترا شروع کر رہے ہیں اور دورے پر نکل رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔