عالمی کپ فائنل میں پاکستان کے خلاف آخری اوور ڈالنے اور ہندوستان کو جیت دلانے والے گیندباز نے ریٹائرمنٹ کا کیا اعلان

ہریانہ کے روہتک باشندہ جوگندر شرما کو بین الاقوامی کرکٹ میں زیادہ کامیابی نہیں ملی، انھوں نے ہندوستان کے لیے صرف 4 ونڈے اور 4 ٹی-20 میچ کھیلے۔

<div class="paragraphs"><p>جوگندر شرما</p></div>

جوگندر شرما

user

قومی آوازبیورو

جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے پہلے ٹی-20 عالمی کپ کے اس فائنل اوور کو کون بھول سکتا ہے۔ 24 ستمبر 2007 کو کرکٹ کے ٹی-20 فارمیٹ کا پہلا عالمی کپ کھیلا جا رہا تھا۔ فائنل میں تھیں دو روایتی حریف ٹیمیں ہندوستان اور پاکستان۔ اس فائنل کے آخری اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے 13 رن چاہیے تھے۔ کپتان دھونی نے بالکل نووارد گیندباز جوگندر شرما کو گیند تھما دی۔ ہندوستانی شیدائیوں کی سانسیں مصباح الحق کے کریز پر ہونے کی وجہ سے اٹکی ہوئی تھیں۔ ہر طرف سوال اٹھنے لگے کہ آخر جوگندر کو گیندبازی کیوں دی گئی؟ لیکن جوگندر شرما نے وہ کارنامہ کیا جو تاریخ میں درج ہو گیا۔ وہی جوگندر شرما نے اب بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا ہے۔ 39 سال کے جوگندر شرما نے جمعہ کے روز اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے چاہنے والوں کو اپنے ریٹائرمنٹ کی جانکاری دی۔

ہریانہ کے روہتک باشندہ جوگندر شرما کو بین الاقوامی کرکٹ میں زیادہ کامیابی نہیں ملی۔ انھوں نے ہندوستان کے لیے صرف 4 ونڈے اور 4 ٹی-20 میچ کھیلے ہیں۔ لیکن اتنے میچوں میں ہی وہ ایسا کارنامہ کر گئے کہ ہندوستان کا ہر کرکٹ شیدائی ان کا نام جان گیا۔ اہم بات یہ ہے کہ جوگندر نے جو 4 ٹی-20 میچ کھیلے ہیں وہ سبھی عالمی کپ میں ہی کھیلے۔ جوگندر شرما کے بین الاقوامی کیریئر کی شروعات 2004 میں ہوئی۔ اسی سال انھوں نے وَنڈے میں ڈیبیو کیا تھا اور وہ آخری ونڈے میچ 2007 میں کھیلے۔ اس دوران صرف 4 میچوں میں ہی انھیں کھیلنے کا موقع ملا۔ جوگندر حال تک ہریانہ کے لیے رنجی ٹرافی میچ کھیل رہے تھے۔


جوگندر شرما نے اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان ٹوئٹر پر کیا۔ اپنے پوسٹ مین انھوں نے اس خط کو بھی شیئر کیا ہے جو انھوں نے بی سی سی آئی کے سکریٹری جئے شاہ کو بھیجی ہے اور ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ جوگندر نے اپنی چٹھی میں لکھا ہے کہ وہ بی سی سی آئی، ہریانہ کرکٹ ایسو سی ایشن، چنئی سپرکنگز اور ہریانہ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ جوگندر شرما نے اپنے چاہنے والوں، اہل خانہ، دوستوں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے کیریر کے نشیب و فراز میں ان کا ساتھ دیا۔

واضح رہے کہ 24 ستمبر 2007 کو ٹی-20 عالمی کپ کے پہلے ایڈیشن کا فائنل کھیلا گیا تھا۔ یہ دن ہندوستانی کرکٹ کے لیے ہمیشہ یادگار رہے گا۔ اسی دن ہندوستان جوہانسبرگ کے وانڈررس اسٹیڈیم میں روایتی حریف پاکستان کو شکست دے کر ٹی-20 عالمی کپ کا پہلا چمپئن بنا تھا۔ اس کے ساتھ ہی مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم 1983 کے بعد کسی عالمی خطاب پر قبضہ جمانے میں کامیاب ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔