یو پی اسمبلی الیکشن: کانگریس نے ’پرتگیا یاترا‘ نکالنے کا کیا فیصلہ، 12 ہزار کلو میٹر کا ہدف طے

اتر پردیش میں کانگریس آئندہ سال کے شروع میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل ’ہم وچن نبھائیں گے‘ ٹیگ لائن کے ساتھ ’کانگریس پرتگیا یاترا‘ نکالے گی۔

پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia
پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں آئندہ سال کے شروع میں ہونے والے اسمبلی انتخاب سے قبل کانگریس نے فیصلہ لیا ہے کہ وہ ’ہم وچن نبائیں گے‘ ٹیگ لائن کے ساتھ ’کانگریس پرتگیا یاترا‘ نکالے گی۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اس وقت دو روزہ دورہ پر لکھنؤ میں ہیں۔ اس دوران انھوں نے کہا کہ ’کانگریس پرتگیا یاترا‘ 12 ہزار کلو میٹر کی دوری طے کرے گی اور سبھی اہم گاؤں اور قصبوں سے ہو کر گزرے گی۔

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اس یاترا کی تاریخ کے تعلق سے ابھی کچھ بھی اعلان نہیں کیا ہے، لیکن ذرائع کے حوالے سے مل رہی خبروں کے مطابق 2 اکتوبر یعنی گاندھی جینتی کے موقع پر اس پرتگیا یاترا کا آغاز ہو سکتا ہے۔ بہر حال، یو پی سی سی کی صلاح کار اور سیاسی معاملوں کی کمیٹی کی ایک میٹنگ کو خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’یاترا ریاست بھر میں پارٹی کارکنان کو جمع کرے گی اور لوگوں کے ساتھ رابطہ بھی قائم کرے گی۔‘‘ اس یاترا کے دوران ہونے والے پروگراموں کا فیصلہ مرحلہ وار انداز میں کیا جائے گا۔


واضح رہے کہ پرینکا گاندھی انتخابی کمیٹی کے ساتھ میٹنگ بھی کرنے والی ہیں اور اسمبلی انتخاب کے لیے امیدواروں کے سلیکشن کے تعلق سے اہم فیصلے بھی وہ لینے والی ہیں۔ دراصل یو پی اسمبلی انتخاب کو لے کر کانگریس نے اپنی سرگرمی تیز کر دی ہے اور یو پی انچارج پرینکا گاندھی پورے جوش و جنون کے ساتھ ریاست میں پارٹی کی بنیاد مضبوط کرنے کے کام میں جڑ گئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔