ووٹر لسٹ سے نام ہٹانا آئینی حق چھیننے کے مترادف: سچن پائلٹ
سچن پائلٹ نے کہا کہ اگر ووٹر لسٹ سے نام کاٹنے کا عمل جاری رہا تو کانگریس پارٹی اس کی بھرپور مخالفت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری کے کسی بھی امکان کے خلاف کانگریس مضبوطی سے کھڑی رہے گی۔

راجستھان کے سابق نائب وزیراعلیٰ اور کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری سچن پائلٹ نے جامع ووٹر لسٹ نظرثانی(ایس آئی آر) کے حوالے سے ایک بار پھر حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ووٹر لسٹ سے نام حذف کیے جانے کے عمل کی کانگریس پارٹی سخت مخالفت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کی طرف سے لائے گئے ایس آئی آر کا عمل نہ صرف عوام کے لیے پریشانی کا سبب بنا ہے بلکہ اس کے ذریعہ بی جے پی نے ووٹروں کے نام جعلی اور منمانے طریقے سے حذف کرنے کی جسارت بھی کی ہے۔
مسٹر پائلٹ نے بدھ کے روز یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست بھر سے ووٹر فہرستوں سے نام کاٹے جانے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فہرست کے حتمی اجرا سے قبل کئی بے ضابطگیاں سامنے آ رہی ہیں اور فارم نمبر 7 جمع کرانے کے باوجود اہل ووٹروں کے نام حذف کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ غیر جانبدارانہ طریقے سے کارروائی کو انجام دے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ سب سیاسی بدنیتی کے تحت کیا جا رہا ہے۔ اگر ووٹر لسٹ سے نام کاٹنے کا عمل جاری رہا تو کانگریس پارٹی اس کی بھرپور مخالفت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری کے کسی بھی امکان کے خلاف کانگریس مضبوطی سے کھڑی رہے گی۔
منریگا کا نام تبدیل کیے جانے کے معاملے پر مسٹر پائلٹ نے کہا کہ نام اور اسکیم میں تبدیلی کو سبھی غلط مان رہے ہیں اور منریگا غریبوں کے لیے واحد حفاظتی ڈھال تھی۔ انہوں نے کہا کہ آئین نے غریب طبقے کو 100 دن کے روزگار کی ضمانت دی تھی، جسے چھینا جا رہا ہے۔ مرکز کی حکومت اس اسکیم کو ختم کرنا چاہتی ہے، اسی لیے اس کا بجٹ 60-40 کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ مہاتما گاندھی کے نام پر بنی کسی اسکیم کا نام بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ منریگا کو ختم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی کانگریس مخالفت کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس رہنما راہل گاندھی کی جانب سے شواہد کے ساتھ ووٹر لسٹوں میں بے ضابطگیوں کو اجاگر کیے جانے اور بہار انتخابات میں الیکشن کمیشن کے طرزِ عمل سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ کمیشن کی غیر جانبداری سوالوں کے گھیرے میں ہے۔ ایسے میں اپنے حقِ رائے دہی کے تحفظ کے لیے سب کو بیدار رہنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ کانگریس کے سینئر لیڈرسچن پائلٹ نے بدھ کو ٹونک میں ایس آئی آر کے عمل کے حوالے سے ہونے والی میٹنگ میں اس سنگین مسئلے پر بی ایل اے کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور ان سے عوام میں شعور بیدار کرنے اور آئندہ مرحلے کے لیے چوکنا رہنے کی اپیل کی۔ بعد ازاں انہوں نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کرکے کہا کہ راجستھان کے مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی اطلاعات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی نے اپنی طاقت کا غلط استعمال کرتے ہوئے یکطرفہ طور پر اعتراضات درج کرائے اور بڑی تعداد میں لوگوں کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی اس سازش کے خلاف کانگریس پارٹی اور اس کے کارکنان احتجاج کیا اورعوام کی آواز بن کر اس ناانصافی کے خلاف لڑائی لڑی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔