کانگریس اسمبلی ضمنی انتخابات میں پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اترے گی: اجے للو

اتر پردیش کی آٹھ اسمبلی سیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخابات کی تیاری کے تحت کانگریس نے بدھ کو ہر سیٹ سے متوقع امیدواروں کی درخواست لینے کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش کانگریس کے صدر اجے کمار للو نے دعوی کیا ہے کہ ان کی پارتی ریاست میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ریاست کی آٹھ اسمبلی سیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخابات کی تیاری کے تحت کانگریس نے بدھ کو ہر سیٹ سے متوقع امیدواروں کی درخواست لینے کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ریاست کے سینئر لیڈروں کی قیادت میں بنی کمیٹی امیدواروں کے درخواست اور انتخاب کا کام کرے گی۔ نوگاواں سادات (امروہہ)، بلند شہر، ٹنڈلہ (فیروزآباد) سوار (رامپور)، بانگر مئو(اناؤ) گھاٹم پور(کانپور دیہات) ملہنی (جونپور) اور دیوریا صدر سیٹ پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں۔

اجے للو نے بتایا کہ گھاٹم پور سیٹ کی ذمہ داری سابق مرکزی وزیر پردیپ جینت آدتیہ، سابق وزیر آر کے چودھری اور پارٹی کے ریاستی نائب صدر یوگی دکشت کو دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملہنی سیٹ کی ذمہ داری سابق رکن اسمبلی اجے رائے، سابق رکن اسمبلی رام جیون اور پارٹی جنرل سکریٹری مقصود خان کو سونپی گئی ہے۔


دیوریا صدر سیٹ کی ذمہ داری سابق رکن اسمبلی ندیم جاوید، سابق رکن پارلیمان بال کرشن چوہان اور پارٹی کے جنرل سکریٹری وشو وجے سنگھ کو دی گئی ہے۔ بانگر مئو سیٹ کی ذمہ داری کانپور کینٹ سے رکن اسمبلی اور نائب صدر سہیل اختر انصاری، سابق رکن اسمبلی دریا بار اور پارٹی کے جنرل سکریٹری ویویکا نند پاٹھک کو سونپی گئی ہے۔

ٹنڈلہ اسمبلی کی ذمہ داری سینئر لیڈر اور سابق وزیر نسیم الدین صدیق، سابق وزیر دیپک کمار اور ریاستی جنرل سکریٹری بدرالدین قریشی کو دی گئی ہے۔ نوگاواں سادات کی ذمہ داری سابق رکن پارلیمان پروین سنگھ ایرن، رکن اسمبلی نریش سینی، ریاستی جنرل سکریٹری علی یوسف علی کو سونپی گئی ہے۔ بلند شہر کی ذمہ داری سابق رکن پارلیمان ہریندر ملک، رکن اسمبلی مسعود اختر، کانگریس جنرل سکریٹری وددت چودھری اور رامپور اسمبلی حلقے کی ذمہ داری سابق رکن پارلیمان راشد علوی، سابق رکن اسمبلی نریندر پال گنگوار اور کانگریس جنرل سکریٹری برمہسوروپ ساگر کو سونپی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */