بہار اسمبلی انتخابات کے اعلان کا کانگریس نے کیا خیر مقدم

کانگریس ترجمان شکتی سنگھل گوہل نے بہار میں بہترحکمرانی کی بات کو ایک فریب قرار دیا اور کہا کہ بہتر حکمرانی کی بات کرنے والوں کو عوام نے پہچان لیا ہے۔ درحقیقت بہار میں ہرجگہ لوگ دکھی اور بدحال ہیں۔

کانگریس، تصویر یو این آئی
کانگریس، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے الیکشن کمیشن کے ذریعہ بہار اسمبلی انتخابات کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہار کےعوام وزیراعلیٰ نتیش کمار کی بدترحکمرانی سے تنگ آگئے ہیں اور اس سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ کانگریس بہار کے انچارج جنرل سکریٹری شکتی سنگھ گوہل نے جمعہ کو پریس کانفرنس میں کہا کہ آج الیکشن کمیشن نے 28 اکتوبرسے تین مرحلوں میں بہار اسملی انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔بہار کے عوام بی جے پی اور جے ڈی یو کی اتحادی حکومت کی بدانتظامی سے چھٹکارا چاہتے ہیں اس لیے کانگریس اس اعلان کا خیرمقدم کرتی ہے۔

شکتی سنگھ گوہل نے کہا کہ بہاراسمبلی کا الیکشن سیاسی جماعتوں کے درمیان نہیں بلکہ بہار کے عوام کے اہم امور اور نتیش حکومت کی بدانتظامی کے درمیان ہونے جارہا ہے۔بہار میں سرکار اور انتظامیہ کے بیچ کوئی تال میل نہیں ہے اورجو کھینچ تان اقتدار میں چل رہی ہے اس میں عوام پس رہی ہے۔بہار میں کہیں کوئی خوشحال نہیں ہے اور عوام کو 15 سال سے گمراہ کیاجارہا ہے۔


کانگریس ترجمان نے بہار میں بہترحکمرانی کی بات کو ایک فریب قراردیا اور کہا کہ بہتر حکمرانی کی بات کرنے والوں کو عوام نے پہچان لیا ہے۔بہار کی اصلیت یہ ہے کہ وہاں ہرجگہ لوگ دکھی اور بدحال ہیں۔بی جے پی کی قیادت والی حکومت نے جس نیتی آیوگ کو تشکیل دیا تھا اب وہی نیتی آیوگ کہہ رہا ہے کہ بہار ہمہ جہت ترقی میں پورے ملک میں سب سے نچلی سطح پر ہے۔

گوہل نے مزید کہا کہ بی جے پی کی کسان مخالف پالیسیوں کے سبب آج پورے ملک کے کسان سڑکوں پر ہیں اور اس کے خلاف اپنے غصے کا اظہارکررہے ہیں۔بہار میں اب بی جے پی اور جے ڈی یو جو بھی کھیل کھیلے لیکن بہار کے عوام اس بار ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کانگریس اور اس کے اتحاد کے ساتھی ایک مثبت ایجنڈے کے ساتھ چل رہے ہیں اس لیے بہار میں اس مرتبہ انہیں کی حکومت بنے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔