کانگریس نے منریگا میں بدلاؤ کے خطرات سے کیا آگاہ، کہا ’اس ناانصافی کے خلاف ہم پوری طاقت سے لڑیں گے‘
کانگریس کا کہنا ہے کہ منریگا کے اصولوں میں کی گئی تبدیلی سے دیہی بے روزگاری بڑھ جائے گی اور کم از کم مزدوری کی عدم موجودگی میں مزدوروں کا استحصال بھی شروع ہو جائے گا۔

کانگریس نے ’منریگا‘ کے اصولوں میں بدلاؤ کر ’جی رام جی‘ نام سے لائے گئے نئے قانون کے خلاف اپنی جنگ کو رفتار دینا شروع کر دیا ہے۔ مودی حکومت پر منریگا کو تباہ کرنے کا سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس نے کہا ہے کہ اس قانون میں جو بدلاؤ کیے گئے ہیں، وہ خطرناک ہیں۔ کانگریس نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ منریگا میں بدلاؤ کے خطرات سے بھی عوام کو آگاہ کیا ہے۔
کانگریس کا کہنا ہے کہ منریگا کے اصولوں میں کی گئی تبدیلی سے دیہی بے روزگاری بڑھ جائے گی اور کم از کم مزدوری کی عدم موجودگی میں مزدوروں کا استحصال بھی شروع ہو جائے گا۔ اس قانون میں ہوئے بدلاؤ کے نتیجے میں شہروں کی طرف دیہی عوام کی ہجرت بھی بڑھے گی، جس سے دیہی علاقوں کی ترقی اثر انداز ہوگی۔ مودی حکومت کے ذریعہ منریگا میں کیے گئے بدلاؤ سے پنچایت کے اختیارات اور حقوق بھی ختم ہو جائیں گے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
کانگریس نے منریگا قانون میں کی گئی تبدیلیوں کے خلاف ’منریگا بچاؤ سنگرام‘ شروع کرنے کا اعلان پہلے ہی کر دیا ہے، اور اب اس تعلق سے مودی حکومت کے سامنے 4 مطالبات بھی پارٹی نے پیش کر دیے ہیں۔ کانگریس کے یہ 4 مطالبات ہیں:
کام کی گارنٹی، مزدوری کی گارنٹی، جوابدہی کی گارنٹی
منریگا میں کیے گئے بدلاؤ کی فوراً واپسی
کام کے آئینی حقوق کی مکمل بحالی
کم از کم تنخواہ 400 روپے
کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک ویڈیو میں نریندر مودی پر الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے منریگا کو برباد کر ملک کے کروڑوں مزدوروں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ ’’منریگا صرف منصوبہ نہیں تھا، یہ کام کے حقوق کی قانونی گارنٹی تھی، جہاں مزدوروں کے مطالبات پر انھیں کام دیا جاتا تھا۔ لیکن اب مودی حکومت ’وی بی-جی رام جی‘ نام سے نیا قانون لائی ہے، جس میں مرکزی حکومت طے کرے گی کہ مزدوروں کو کب کام دینا ہے۔‘‘ ویڈیو میں مزید جانکاری دی گئی ہے کہ ’’نئے قانون کے مطابق بجٹ کا تناسب 60 فیصد اور 40 فیصد میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ ایسے میں ریاستی حکومت پر معاشی بوجھ مزید بڑھ جائے گا۔ یہ فیصلہ ریاستوں کے حق میں نہیں ہوگا، کیونکہ پہلے سے ہی منریگا کا ہزاروں کروڑ روپے اٹکا ہوا ہے۔‘‘
اس ویڈیو میں کانگریس نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ منریگا میں کی گئی تبدیلیوں سے منصوبہ بند ہو سکتا ہے۔ نیا قانون کے نفاذ سے مزدوروں کو نہ کام ملے گا، نہ کمائی ہوگی۔ حالانکہ کانگریس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ منریگا کو بچانے کے لیے مضبوطی کے ساتھ جنگ لڑی جائے گی۔ عوام سے اپیل بھی کی گئی ہے کہ وہ ’منریگا بچاؤ سنگرام‘ سے جڑیں اور مزدوروں کے حق کی لڑائی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اس ویڈیو کے ساتھ کانگریس نے کیپشن لگایا ہے ’ملک کے کروڑوں منریگا مزدور نریندر مودی کو معاف نہیں کریں گے۔‘
ایک دیگر سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’منریگا کو تباہ کرنا ’کام کے حق‘ پر حملہ ہے۔ منریگا صرف منصوبہ نہیں، ایک نظریہ ہے، جس پر نریندر مودی کے ذریعہ بلڈوزر چلایا جا رہا ہے۔ اس سے ملک کو نقصان ہوگا۔‘‘ پارٹی مزید لکھتی ہے کہ ’’منریگا پر منحصر کروڑوں لوگوں کے ساتھ ہو رہی ناانصافی کے خلاف ہم پوری طاقت سے لڑیں گے۔‘‘ اس پوسٹ میں 2.25 منٹ کی ویڈیو بھی موجود ہے، جس میں لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی منریگا کی خوبیوں کا ذکر کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں کچھ اخبارات اور نیوز پورٹل کی سرخیاں بھی پیش کی گئی ہیں، جس میں ملک کی غربت اور مزدوروں کی حالت زار کا ذکر کیا گیا ہے۔ کانگریس نے اس ویڈیو میں بتانے کی کوشش کی ہے کہ منریگا کی ملک کو کس قدر ضرورت ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔