جی-20 کی سربراہی: کانگریس کا وزیر اعظم مودی پر طنز ’ایسا ڈرامہ ابھی تک کسی نے نہیں کیا!‘

بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے جے رام رمیش نے کہا کہ ہندوستان کو صرف ایک سال کے لیے جی-20 کی صدارت ملنے کے بعد جس طرح کا ہائی وولٹیج ڈرامہ کیا جا رہا ہے، ایسا ابھی تک کسی اور ملک نے نہیں کیا

کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش / آئی اے این ایس
کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ہندوستان میں اگلے سال جی-20 سربراہی اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے۔ یہ اجلاس ستمبر 2023 میں ہندوستان کی راجدھانی نئی دہلی میں منعقد ہوگا۔ وزیراعظم کے مطابق جی-20 کی چیئرمین شپ ملنا فخر کی بات ہے اور یہ ہندوستان کے لیے بہت بڑا لمحہ ہوگا۔ انہوں نے اہل وطن سے بھی اس تقریب میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔ تاہم، کانگریس نے اسے صرف سیاسی ڈرامہ قرار دیا ہے۔

کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ جی-20 کی سربراہی باری باری سے تبدیل ہوتی ہے اور ہندوستان کو اس کی چیئرمین شپ ملنا طے تھا۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ اب تک امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، جنوبی کوریا، فرانس، میکسیکو، روس، آسٹریلیا، ترکی، چین، جرمنی، ارجنٹائن، جاپان، سعودی عرب، اٹلی اور انڈونیشیا جی-20 کی صدارت کر چکے ہیں۔


بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے جے رام رمیش نے کہا کہ ہندوستان کو صرف ایک سال کے لیے جی-20 کی صدارت ملنے کے بعد جس طرح کا ہائی وولٹیج ڈرامہ کیا جا رہا ہے، ایسا ابھی تک کسی اور ملک نے نہیں کیا۔ وزیر اعظم مودی پر طنز کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’مجھے ایل کے اڈوانی کی وہ بات یاد آ رہی ہے جو انہوں نے 5 جولائی 2014 کو کہی تھی، انہوں نے مودی کو ایک شاندار ایونٹ مینیجر کہا تھا۔‘‘

حکومت کی جانب سے جی-20 سربراہی اجلاس کا لوگو بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اس لوگو میں کمل کا پھول نظر آ رہا ہے۔ کانگریس نے لوگوں کو بی جے پی کے انتخابی نشان کمل کا پھول ہونے پر اعتراض کیا ہے۔ جے رام رمیش نے لوگوں سے کہا کہ 70 سال پہلے نہرو نے کانگریس کے جھنڈے کو ہندوستان کا جھنڈا بنانے کی تجویز کو ٹھکرا دیا تھا۔ اب بی جے پی کا انتخابی نشان جی-20 کی صدارت کا سرکاری لوگو بن گیا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ پی ایم مودی اور بی جے پی بے شرمی سے اپنے آپ کو فروغ دینے کا کوئی موقع نہیں گنوائیں گے۔


خیال رہے کہ وزیر اعظم مودی نے ہندوستان میں منعقد ہونے والے جی-20 سربراہی اجلاس کو ملک کے لیے ایک سنہری موقع قرار دیا ہے۔ وزیر اعظم نے من کی بات پروگرام میں کہا کہ اب ایک سال تک جی-20 ممالک سے وابستہ لوگ ہمارے ملک کے مختلف حصوں میں آئیں گے، یہ مستقبل کے سیاح ہو سکتے ہیں۔ وزیر اعظم نے ملک کے نوجوانوں سے جی-20 کانفرنس میں شامل ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اس تقریب میں شامل ہونے کے لیے اپنی ٹی شرٹ پر جی-20 کا لوگو پہن کر چل سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔