ہمایوں کبیر کی اسٹنگ ویڈیو پر کانگریس اور شیو سینا کا حملہ، اوویسی پر بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کا الزام
ہمایوں کبیر کی اسٹنگ ویڈیو کے بعد سیاسی ہنگامہ تیز ہوگیا ہے۔ کانگریس اور شیو سینا نے اسد الدین اوویسی پر بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے سخت تنقید کی ہے

نئی دہلی: عام جنتا اْنّین پارٹی کے سربراہ ہمایوں کبیر کی اسٹنگ ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد مغربی بنگال کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔ اس معاملے پر کانگریس اور شیو سینا (یو بی ٹی) نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اوویسی کو نشانہ بنایا ہے اور ان پر بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کا الزام لگایا ہے۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری نے اوویسی کی پارٹی کی جانب سے ہمایوں کبیر کے ساتھ اتحاد ختم کرنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ابھی ’چھوٹے بھائی‘ کی ویڈیو سامنے آئی ہے، ’بڑے بھائی‘ کی کب آئے گی۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ دونوں کمبھ کے میلے میں بچھڑے ہوئے بھائیوں کی طرح ہیں اور اوویسی جانے یا انجانے میں وہی کام کرتے ہیں جس سے بی جے پی کو فائدہ ہوتا ہے۔
پرمود تیواری نے مزید الزام لگایا کہ اوویسی نے بہار کے سیمانچل علاقے اور مہاراشٹر میں بھی ایسے سیاسی اقدامات کیے جن سے بی جے پی کو بالواسطہ فائدہ پہنچا۔ انہوں نے ہمایوں کبیر کی ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کا پہلا حصہ سامنے آ چکا ہے اور اس میں ایک ہزار کروڑ روپے کی ڈیل کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اس سے بی جے پی کا چال، کردار اور چہرہ بھی بے نقاب ہوتا ہے، جو ذات اور مذہب کی بنیاد پر ووٹ حاصل کرنے کی سیاست کرتی ہے۔
ادھر شیو سینا (یو بی ٹی) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے بھی اوویسی پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اوویسی ایسے ہی ہتھکنڈے اختیار کرتے ہیں جن سے بھارتیہ جنتا پارٹی کو فائدہ پہنچتا ہے۔ سنجے راوت نے کہا کہ اوویسی ایک پڑھے لکھے اور بیرسٹر ہیں، اس لیے انہیں تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر اوویسی خود کو محب وطن سمجھتے ہیں تو انہیں ایسی کسی بھی سیاسی چال یا کھیل سے گریز کرنا چاہیے جس سے بی جے پی کو تقویت ملے۔
واضح رہے کہ ترنمول کانگریس نے ایک مبینہ اسٹنگ ویڈیو جاری کرتے ہوئے ہمایوں کبیر پر بی جے پی کے ساتھ ایک ہزار کروڑ روپے کی ڈیل کا الزام لگایا تھا۔ اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد اوویسی کی پارٹی نے ہمایوں کبیر کے ساتھ اپنا اتحاد ختم کر دیا اور مغربی بنگال میں تنہا انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔