مہنگائی، پٹرول، ڈیزل اور سی این جی کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف کانگریس کا آج ملک بھر میں احتجاج

کانگریس نے کہا کہ 62 کروڑ کسانوں کو ٹیکس کے بوجھ تلے دبایا جا رہا ہے۔ اس کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم مودی ہر صبح تیل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ملک کے عوام کو گڈ مارننگ کا پیغام دیتے ہیں۔

مہنگائی کے خلاف کانگریس کا احتجاج، تصویر یو این آئی
مہنگائی کے خلاف کانگریس کا احتجاج، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

ملک میں مہنگائی کی مار جاری ہے۔ کانگریس نے اب بڑھتی مہنگائی اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے معاملے پر مودی حکومت کے خلاف ہلا بولا ہے۔ کانگریس آج ملک بھر میں سڑکوں پر احتجاج کرنے جا رہی ہے۔ دوسری جانب پٹرول اور ڈیزل کے بعد اب سی این جی کی قیمتوں میں بھی روز بروز اضافہ ہونے لگا ہے۔ دہلی سمیت کئی شہروں میں کمپنیوں نے مسلسل دوسرے دن بھی سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ دہلی میں 7 اپریل کو سی این جی کی قیمت میں 2.50 روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا۔ اب دہلی میں سی این جی 69.11 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہے۔ اس سے پہلے بدھ کو بھی سی اے جی نے دہلی میں 2.5 روپے مہنگا کیا تھا۔ یعنی صرف دو روز میں سی این جی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔

کانگریس ترجمان نے لکھنؤ میں واقع کانگریس دفتر میں مودی حکومت کو خوب گھیرا۔ انہوں نے کہا کہ 62 کروڑ کسانوں کو ٹیکس کے بوجھ تلے دبایا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم ہر صبح تیل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ملک کے عوام کو گڈ مارننگ کا پیغام دیتے ہیں۔ گزشتہ 16 دنوں میں پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں 14 بار اضافہ کیا گیا ہے۔


اہم بات یہ ہے کہ 31 مارچ کو راہل گاندھی سمیت کئی کانگریسی لیڈروں نے مہنگائی کے خلاف وجے چوک پر مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے اس وقت کہا تھا کہ گزشتہ 10 دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 9 بار اضافہ کیا گیا ہے جس کا خمیازہ متوسط ​​طبقے اور غریب لوگوں پر پڑ رہا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ بند کرے۔ ہمارا احتجاج پورے ملک میں جاری رہے گا اور طویل عرصے تک جاری رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */