اڈانی گروپ کے ذریعہ جوہری توانائی یونٹ تشکیل دینے کے بعد کانگریس نے ’شانتی بل‘ کی دلائی یاد

جئے رام رمیش کا کہنا ہے کہ ’’راجیہ سبھا میں اپنی تقریر کے دوران میں نے کہا تھا شانتی بل مخصوص پسندیدہ افراد کو فائدہ پہنچانے کے لیے نافذ کیا جا رہا ہے۔ اب ہمیں ’شانتی‘ کا اصل مطلب معلوم ہو گیا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>شانتی بل 2025، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/DrJitendraSingh">@DrJitendraSingh</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

گوتم اڈانی گروپ نے ایک نئی کمپنی ’اے اے ای ایل‘ تشکیل دی ہے۔ اڈانی پاور نے اسٹاک ایکسچینج کو اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ نئے اٹامک انرجی، یعنی جوہری توانائی یونٹ تشکیل دی گئی ہے، جس کا نام ’اڈانی ایٹامک انرجی لمیٹڈ‘ (اے اے ای ایل) ہے۔ اس کے ذریعہ ایٹامک اور نیوکلیئر انرجی سے حاصل بجلی کے پروڈکشن، ٹرانسمیشن اور ڈسٹریبیوشن کا کام ہوگا۔ اس معاملہ میں کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور ’شانتی بل 2025‘ کی یاد دلائی ہے۔

کانگریس جنرل سکریٹری اور سینئر لیڈر جئے رام رمیش نے اس تعلق سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ جاری کیا ہے۔ اس پوسٹ میں وہ لکھتے ہیں کہ ’’گزشتہ اجلاس میں شانتی بل کو عجلت میں پارلیمنٹ سے منظور کرایا گیا تاکہ پرائیویٹ کمپنیوں کو جوہری توانائی کے پلانٹس کی ملکیت اور ان کے آپریشن کی اجازت دی جا سکے۔ راجیہ سبھا میں اپنی تقریر کے دوران میں نے کہا تھا کہ شانتی بل مخصوص پسندیدہ افراد کو فائدہ پہنچانے کے لیے نافذ کیا جا رہا ہے۔ اب ہمیں ’شانتی‘ کا اصل مطلب معلوم ہو گیا۔‘‘ اس پوسٹ میں انھوں نے یہ بھی لکھا ہے ’شریمان اڈانیز نیوکلیئر ٹیک ٹیک انیشیٹیو‘۔ اس کا مخفف ’شانتی‘ یعنی ’ایس ایچ اے این ٹی آئی‘ ہوتا ہے۔ جئے رام رمیش نے اس پوسٹ کے ساتھ 18 دسمبر 2025 کو راجیہ سبھا میں کی گئی تقریر پر مبنی یوٹیوب کا وہ لنک بھی پیش کیا ہے، جو ’سند ٹی وی‘ کے یوٹیوب چینل پر ڈالا گیا ہے۔


واضح رہے کہ اڈانی پاور نے 12 فروری کو شیئر بازار کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ اڈانی ایٹامک انرجی لمیٹڈ کو 5 لاکھ روپے سرمایہ کے ساتھ تشکیل دیا گیا ہے۔ اسے 10 روپے قیمت والے 50 ہزار شیئر میں تقسیم کیا گیا ہے۔ کمپنی کی اڈانی ایٹامک انرجی لمیٹڈ میں 100 فیصد حصہ داری ہے۔ کمپنی نے یہ بھی کہا کہ اڈانی ایٹامک انرجی لمیٹڈ کی ہندوستان میں 11 فروری 2026 کو تشکیل ہوئی اسی دن اسے سنٹرل رجسٹریشن سنٹر، کمپنی رجسٹرار سے سرٹیفکیٹ حاصل ہوا۔ اڈانی پاور کے مطابق یہ کمپنی مکمل ملکیت والی سبسیڈیری یونٹ ہے۔

ظاہر ہے اڈانی پاور نے یہ کمپنی ایسے وقت میں بنائی ہے جب حال ہی میں مرکزی حکومت نے لوک سبھا میں ’شانتی بل‘ کو منظوری دی ہے۔ 2 ماہ قبل ہی حکومت نے ایوان میں ’سسٹینیبل ہارنیسنگ اینڈ ایڈوانسمنٹ آف نیوکلیئر انرجی فار ٹرانسفارمنگ انڈیا‘ (شانتی) بل 2025 پاس کیا تھا۔ یہ بل توانائی سیکٹر کو بڑے پیمانے پر پرائیویٹ اور غیر ملکی شراکت داری کے لیے کھول دیتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔