’لاڈکی بہن یوجنا‘ بھی انتخابی جملہ نکلی! جے رام رمیش کا بی جے پی پر زوردار حملہ
کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے بی جے پی کی ’لاڈکی بہن یوجنا‘ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے محض انتخابی جملہ قرار دیا اور کہا کہ انتخاب کے بعد اسی بہن سے منہ موڑ لیا جاتا ہے

جے رام رمیش / آئی اے این ایس
کانگریس نے مہارشٹر میں ’لاڈکی بہن یوجنا‘ کے تحت فنڈز میں کمی کے حوالہ سے بی جے پی پر زبردست حملہ کیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے بی جے پی کے اس اسکیم کو ’جملہ ماڈل‘ قرار دیا ہے۔ جے رام رمیش نے جس خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بی جے پی پر تنقید کی ہے، اس کے مطابق 8 لاکھ خواتین کی امدادی رقوم 1500 روپے سے کم کر کے 500 روپے فی ماہ کر دی گئی ہے۔
جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے پوسٹ میں لکھا کہ ’’یہی ہے بی جے پی کا جملہ ماڈل! انتخاب کے وقت (اسے) ’لاڈلی بہن‘ کی یاد آتی ہے، لیکن انتخاب کے ختم ہوتے ہی اسی بہن سے منہ موڑ لیا جاتا ہے۔ مودی حکومت کی پالیسیوں نے عام آدمی کی آمدنی پہلے ہی کم کر دی ہے، اوپر سے مہنگائی کی مار نے گھریلو خواتین اور عام خواتین کے لیے ان کا گزارہ مزید مشکل کر دیا ہے۔‘‘ انہوں نے آگے لکھا کہ ’’خبر ہے کہ مہاراشٹر کی مہایوتی حکومت نے ’وزیر اعلیٰ ماجھی لاڈکی بہن یوجنا‘ کے تحت 8 لاکھ خواتین کی امدادی رقم 1500 روپے سے کم کر کے صرف 500 روپے کر دی ہے۔‘‘
جے رام رمیش نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’’حکومت کا پیغام واضح ہے کہ ایک ہاتھ سے اپنے سرمایہ دار دوستوں پر پیسے لٹاؤ اور دوسرے ہاتھ سے عوام کی جیب کاٹو۔‘‘ انہوں نے آگے کہا کہ ’’نتیجہ یہ ہے کہ آج ملک میں لاکھوں پریوار قرض کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، ان پر قرض بڑھتا جا رہا ہے، عام خواتین گھر چلانے اور بچوں کی پرورش کے لیے اپنا سونا گروی رکھ کر قرض لینے پر مجبور ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔