یوگی استعفیٰ دیں، اس کے بغیر ہاتھرس کی بیٹی کو انصاف نہیں مل سکتا: کانگریس

کانگریس لیڈر سشمتا دیو نے صحافیوں سے کہا کہ "آج صبح صبح ڈھائی بجے جس طرح سے یو پی حکومت نے ہاتھرس کی بیٹی کے ساتھ ناانصافی کی وزیر اعظم کو چاہیے کہ وہ اجے بشٹ سے استعفیٰ مانگیں۔"

سشمتا دیو، تصویر نیشنل ہیرالڈ
سشمتا دیو، تصویر نیشنل ہیرالڈ
user

تنویر

ہاتھرس اجتماعی عصمت دری معاملہ میں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے استعفیٰ کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی پہلے ہی وزیر اعلیٰ کے استعفیٰ کا مطالبہ کر چکی ہیں اور اب آل انڈیا ویمن کانگریس کی صدر سشمتا دیو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ "جب تک وزیر اعلیٰ اجے بشٹ (یوگی آدتیہ ناتھ) استعفیٰ نہیں دیں گے، ہاتھرس کی بیٹی کے ساتھ انصاف نہیں ہوگا۔"

کانگریس لیڈر سشمتا دیو نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "سوال اٹھتا ہے کہ یو پی کے وزیر اعلیٰ کا استعفیٰ کیوں ضروری ہے؟ جواب یہ ہے کہ کل رات کو یا آج صبح صبح ڈھائی بجے جس طرح سے اتر پردیش کی حکومت نے ہاتھرس کی بیٹی کے ساتھ ناانصافی کی، اگر وہاں اسی فیملی کو اور ہاتھرس کی بیٹی کو انصاف دینا ہے تو اجے بشٹ کا اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ وزیر اعظم کو مانگنا چاہیے۔"


سشمتا دیو نے پریس کانفرنس میں سی ایم یوگی کے اس ٹوئٹ کا بھی تذکرہ کیا جس میں انھوں نے ایس آئی ٹی تشکیل دینے کی بات کہی ہے۔ سشمتا دیو نے کہا کہ "میں اجے بشٹ جی سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ کیا اس ایس آئی ٹی کے پاس وہ طاقت ہے کہ یو پی کے وزیر اعلیٰ کو بلائے؟ آج جرائم پیشوں کی گرفتاری ہوئی، لیکن وزیر اعلیٰ کو ایس آئی ٹی کے سامنے جواب دینا چاہیے کہ جس بچی کی اس طرح سے عصمت دری ہوئی، جس کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹی، جس کی زبان کو کاٹ کر پھینک دیا گیا، آپ نے اس بچی کو پہلے ضلع اسپتال میں رکھا، پھر علی گڑھ کے ایک اسپتال میں رکھا۔ 8 دن تک ایک نارمل وارڈ میں رکھا اور صفدر جنگ اسپتال میں آپ نے تب پہنچایا جب شاید اس کا آخری وقت آ چکا تھا۔ اس کی ذمہ داری کون لے گا؟ اس کی ذمہ داری یو پی کے وزیر اعلیٰ کو لینی چاہیے۔"

اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ "ایس آئی ٹی کافی نہیں ہے، فاسٹ ٹریک عدالت کافی نہیں ہے، صرف گرفتاری کافی نہیں ہے، اجے بشٹ کو جواب دینا چاہیے کہ آپ نے 8 دن تک ایف آئی آر درج کیوں نہیں کی؟ آپ یو پی کے وزیر اعلیٰ ہیں، آپ کو جواب دینا چاہیے کہ آپ نے 6 دن تک بچی کو نارمل وارڈ میں کیوں رکھا اور سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ جب اس بچی نے اپنی آخری سانس لی، آپ رات کے اندھیرے میں اس بچی کو ایمبولنس میں ڈال کر اس کے گاؤں لے کر گئے، اور جو ویڈیو آج میڈیا کے دوستوں نے فلیش کیا ہے اس میں بچی کی والدہ جی کے آنسو ہمیں دکھ رہے ہیں کہ رو کر، ہاتھ جوڑ کر کہہ رہی ہے، مطالبہ کر رہی ہے کہ اس کی آخری رسومات کا حق اس فیملی کو کیوں نہیں دیا جا رہا ہے، انھیں اپنی بچی کو اپنے گھر تک لے جانے کی یو پی کی حکومت اجازت کیوں نہیں دے رہی ہے، اس کی جانچ کون کرے گا؟ زانیوں کی جانچ ایس آئی ٹی کرے گی، لیکن یو پی کے وزیر اعلیٰ کی اس بے رحمی اور سازش کی جانچ کون کرے گا، وزیر اعظم جواب دیں۔"


سشمتا دیو نے پرزور طور پر اپنی بات صحافیوں کے سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ "کانگریس کا مطالبہ ہے کہ اجے بشٹ کو گدی چھوڑنی پڑے گی اور جب تک آپ گدی نہیں چھوڑیں گے، ہم سڑکوں پر اتریں گے اور ہماری لیڈر پرینکا گاندھی وڈرا جی کی قیادت میں ہم اب اجے بشٹ (یوگی آدتیہ ناتھ) حکومت کو چین کی نیند نہیں سونے دیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔