دہلی کے اندرا گاندھی ایئرپورٹ اور جیور ایئرپورٹ کو میٹرو ریل سے منسلک کرنے کا راستہ صاف

میڈیا رپورٹ کے مطابق جیور اور نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کے درمیان 13 میٹرو اسٹیشن ہوں گے۔ اس کے بعد اس کوریڈور کو آئی جی آئی تک پہنچنے کے لیے دہلی ایئرپورٹ ایکسپریس لائن سے جوڑا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: این سی آر میں شامل یوپی کے ضلع گوتم بدھ نگر (نوئیڈا) کے شہر جیور میں تعمیر ہو رہے نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل (آئی جی آئی) ایئرپورٹ سے منسلک کرنے کے لئے دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے 72 کلومیٹر طویل ہائی اسپیڈ کوریڈور کی تجویز تیار کی ہے۔ یہ فاصلہ ایک گھنٹے میں طے کیا جائے گا۔ دونوں ہوائی اڈوں کے درمیان میٹرو رابطہ دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جیور اور نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کے درمیان 13 میٹرو اسٹیشن ہوں گے۔ اس کے بعد اس کوریڈور کو آئی جی آئی تک پہنچنے کے لیے دہلی ایئرپورٹ ایکسپریس لائن سے جوڑا جائے گا۔ اس کے لیے موجودہ ٹریک سے الگ ٹریک بنایا جائے گا، جس پر تیز رفتار میٹرو چلائی جائے گی، جس کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔


یمنا ایکسپریس وے انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ییوڈا) کے سی ای او ڈاکٹر ارون ویر سنگھ نے کہا کہ وزیراعظم کے نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تعمیراتی کام شروع ہو گیا ہے۔ نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 2024 تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

دریں اثنا، نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہوائی اڈے اور اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رابطے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ ارون ویر سنگھ نے بتایا کہ اس کے لیے ٹریفک سروے بھی کرا لیا گیا ہے۔ دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے اور جیور ہوائی اڈے کے درمیان تقریباً 72 کلومیٹر طویل میٹرو کوریڈور تعمیر کیا جائے گا۔ جس پر تقریباً 12-13 میٹرو اسٹیشن بنائے جائیں گے۔


ارون ویر سنگھ کے مطابق، "میٹرو کوریڈور دو مرحلوں میں تعمیر کیا جائے گا۔ 35 کلومیٹر لمبا پہلا مرحلہ زیر زمین اور ایلیویٹڈ دونوں طرح کا ہوگا۔ اس کا رابطہ نوئیڈا ایئرپورٹ ایکوا لائن پر نالج پارک 2 کے قریب ہوگا۔ اس کوریڈور میں نالج پارک 2 تک 7 اسٹیشن ہوں گے اور یہاں ایک انٹر چینج اسٹیشن تعمیر ہوگا۔ اس کے بعد میٹرو لنک کے دوسرے مرحلہ کا کام شروع ہو جائے گا۔ دوسرے مرحلہ میں نالج پارک 2 سے نئی دہلی ریولے اسٹیشن تک 37 کلومیٹر طویل ٹریک تعمیر ہوگا۔ یہ روٹ نوئیڈا ایکسپریس وے کے متوازی چلے گا اور یہ نیو اشوک نگر اور یمنا بینک اسٹیشن سے ہو کر گزرے گا۔

ارون ویر سنگھ نے کہا کہ جیور میں تعمیر ہونے جا رہے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو ہریانہ کے گڑگاؤں سے بھی منسلک کیا جائے گا تاکہ دوسری ریاستوں کے لوگ بھی یہاں تک آسانی سے پہنچ سکیں اور اس کا خاکہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ ارون ویر سنگھ کا کہنا ہے کہ دہلی کے سرائے کالے خاں سے ہائی اسپیڈ بلٹ ٹرین 22 منٹ میں جیور ہوائی اڈے تک پہنچے گی اور اس کے ساتھ ہی ریپڈ ریلوے کا جیور سے متھرا تک روٹ کا منصوبہ ہے اور اس پر جلد ہی کام شروع ہو جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔