اُدے پور: کانگریس کا 3 روزہ چنتن شیویر آج سے شروع، سونیا گاندھی کی صدارت میں 430 نمائندگان کی شرکت

تین روز تک جاری رہنے والے کانگریس کے چنتن شیویر کا آغاز دوپہر میں سونیا گاندھی کے خطاب سے ہوگا، پارٹی یہاں موجودہ سیاسی صورت حال اور مستقبل کی حکمت عملی پر غوروخوض کرے گی

نو سنکلپ چنتن شیویر 2022 / ٹوئٹر
نو سنکلپ چنتن شیویر 2022 / ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

اُدے پور: کئی ریاستوں میں توقعات کے مطابق انتخابی نتائج برآمد نہ ہونے، ملک کے فرقہ وارانہ ماحول کے درہم برہم ہونے اور موجودہ حکومت کی ناقص کارکردگی پر غور و فکر کے لئے کانگریس پارٹی راجستھان کے اُدے پور میں ’چنتن شیویر‘ کا انعقاد کر رہی ہے۔ کانگریس کا یہ شیویر (کیمپ) آج سے 3 دن تک جاری رہے گا۔ اس غور و فکر کیمپ میں کانگریس تنظیم میں تبدیلی پر پورا زور دے گی۔ کیمپ میں شرکت کے لیے راہل گاندھی ٹرین کے ذریعے ادے پور پہنچے ہیں۔

راہل گاندھی کے اُدے پور پہنچنے پر راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’راہل گاندھی کا خیرمقدم ہے۔ اسٹیشن پر ہزاروں لوگ آئے۔ شاندار استقبال ہو رہا ہے، لوگوں میں جوش نظر آ رہا ہے۔‘‘


چنتن شیویر کا آغاز سونیا گاندھی کے خطاب سے دوپہر 2 بجے ہوگا اور اس میں کانگریس کے 430 نمائندگان شریک ہوں گے۔ آج اور کل شام تک مختلف مسائل پر مختلف گروپس میں بحث ہوگی۔ اس کے بعد جو قرارداد تیار کی جائے گی اس پر 15 مئی کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں مہر ثبت کی جائے گی۔

جمعہ 13 مئی کو یہ کیمپ دوپہر 2 بجے سونیا گاندھی کے خطاب سے شروع ہوگا جس کے بعد بڑے لیڈر اپنا خطاب دیں گے جو شام 5 بجے تک چلے گا۔ دوسرے دن یعنی ہفتہ کو صبح 10.30 بجے گروپ ڈائیلاگ شروع ہوگا اور یہ تقریباً 2.30 بجے تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد رات کو کمیٹیوں کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ کیمپ کے آخری دن کا پروگرام اتوار 15 مئی کو صبح 11 بجے شروع ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔