نوسنکلپ چنتن شیویر: راہل گاندھی بذریعہ ٹرین ادے پور روانہ، سرائے روہیلا اسٹیشن پر قلیوں سے کی ملاقات

جب راہل گاندھی ادے پور کے لیے روانہ ہونے سرائے روہیلا ریلوے اسٹیشن پر پہنچے تو کانگریس کارکنان نے مالا پہنا کر ان کا استقبال کیا، بعد ازاں راہل گاندھی نے اسٹیشن پر موجود قلیوں سے بات چیت کی۔

ادے پور روانگی سے قبل سرائے روہیلا اسٹیشن پر راہل گاندھی
ادے پور روانگی سے قبل سرائے روہیلا اسٹیشن پر راہل گاندھی
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی آج دہلی کے سرائے روہیلا اسٹیشن سے بذریعہ ٹرین راجستھان واقع ادے پور کے لیے روانہ ہو گئے۔ ان کے ہمراہ تقریباً 75 کانگریس لیڈران بھی ادے پور کے لیے روانہ ہوئے۔ ادے پور میں کانگریس پارٹی کے ذریعہ منعقد کیے جا رہے سہ روزہ ’نوسنکلپ چنتن شیویر‘ میں ان سبھی لیڈران کی شرکت ہوگی۔ امید کی جا رہی ہے کہ ادے پور میں ہونے والے اس کیمپ میں کم و بیش 400 اہم لیڈران کی شرکت ہوگی۔ یہ چنتن شیویر 13 مئی کی سہ پہر شروع ہوگا اور 15 مئی تک چلے گا۔ کیمپ میں کانگریس صدر سونیا گاندھی افتتاحی تقریر پیش کریں گی اور اس کے بعد پارٹی کی طرف سے طے شدہ چھ انتہائی اہم امور پر غور و خوض کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جن مسائل پر کیمپ میں غور و خوض ہوگا ان میں سیاسی، تنظیمی، معاشی، سماجی انصاف و بہبود، زراعت وغیرہ شامل ہوں گے۔

آج جب راہل گاندھی ادے پور کے لیے روانہ ہونے سرائے روہیلا ریلوے اسٹیشن پر پہنچے تو کانگریس کارکنان نے مالا پہنا کر ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں راہل گاندھی نے اسٹیشن پر موجود قلیوں سے بات چیت کی۔ قلیوں نے راہل گاندھی کو اپنے مسائل کے بارے میں بتایا کہ کس طرح ٹھیکیداری کے رواج سے انھیں نقصان ہو رہا ہے۔ راہل گاندھی نے ان قلیوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل حل کرنے کا راستہ تلاش کریں گے۔ قلیوں سے ملاقات کے بعد راہل گاندھی ٹرین کے اپنے مقررہ کوچ میں سوار ہو گئے۔


قابل ذکر ہے کہ ادے پور میں 13 مئی سے 15 مئی تک کانگریس کا نوسنکلپ چنتن شیویر منعقد ہونے والا ہے جس میں کئی نوعیت کے قرارداد پیش ہو سکتے ہیں۔ اس کیمپ میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اراکین، کانگریس اراکین پارلیمنٹ، ریاستوں کے انچارج، جنرل سکریٹریز، ریاستی صدور، قانون ساز پارٹی کے لیڈرا اور سینئر کانگریس لیڈران شامل ہوں گے۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ چنتن شیویر سے پہلے کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ ہوگی۔ پارٹی صدر سونیا گاندھی نے سینئر لیڈروں کی چھ کمیٹیاں تشکیل دی ہے جس کا کام شیویر سے پہلے سبھی موضوعات پر قرارداد تیار کرنا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق زراعت سے متعلق قرار داد تیار کرنے کی ذمہ داری بی ایس ہڈا کو، سیاسی امور کے لیے ملکارجن کھڑگے کو، اقتصادی امور کے لیے پی چدمبرم کو، سوشل امپاورمنٹ کے لیے سلمان خورشید کو، تنظیمی امور کے لیے مکل واسنک کو اور یوتھ اینڈ ڈیولپمنٹ سے متعلق قرارداد تیار کرنے کی ذمہ داری راجہ وڈنگ کو سونپی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔