یوپی کے کئی اضلاع میں تشدد کے بعد وزیر اعلیٰ کی ہنگامی میٹنگ، اب تک 109 گرفتار

جس کانپور میں ایک ہفتے قبل نوپور شرما کے متنازعہ بیان پر ہی زبردست تشدد ہوا تھا، وہاں اس ہفتہ امن و امان دیکھنے کو ملا، لیکن دوسرے شہروں میں مسلمانوں کی ناراضگی کو نہیں دبایا جا سکا۔

مظاہرین کو حراست میں لیتی پولیس
مظاہرین کو حراست میں لیتی پولیس
user

قومی آوازبیورو

پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف متنازعہ بیان دینے والی بی جے پی کی معطل ترجمان نوپور شرما کی ابھی تک گرفتاری نہیں ہوئی ہے جس پر یوپی کے کئی اضلاع میں مسلمانوں کی ناراضگی دیکھنے کو ملی۔ جمعہ کی نماز کے بعد کئی شہروں میں خوب نعرے بازی اور ہنگامہ ہوا۔ حالانکہ مسلم علماء اور ائمہ نے مسلمانوں سے کسی بھی طرح کا مظاہرہ نہ کرنے اور امن برقرار رکھنے کی اپیل کی تھی، لیکن کئی مقامات پر بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل کر سابق بی جے پی ترجمانوں نوپور شرما اور نوین کمار جندل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے دکھائی دیے۔ یوپی کی راجدھانی لکھنؤ سے لے کر کئی شہروں میں تشدد کے واقعات رونما ہوئے۔ تشدد میں شامل 109 افراد کو گرفتار کیے جانے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔

ان حالات کے پیش نظر ریاستی حکومت سرگرم نظر آ رہی ہے اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سینئر افسران کے ساتھ ہنگامی میٹنگ کی۔ اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں تازہ حالات کا جائزہ لیا گیا، اور بتایا جا رہا ہے کہ میٹنگ میں حکومت نے غیر سماجی عناصر سے سختی کے ساتھ نمٹنے کے لیے افسران کو پوری چھوٹ دے دی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کو سبق سکھا جائے گا۔ اس درمیان موصولہ اطلاعات کے مطابق سہارنپور میں 38، ہاتھرس میں 24، امبیڈکر نگر میں 23، پریاگ راج میں 15، مراد آباد میں 7 اور فیروز آباد میں 2 لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ جس کانپور میں ایک ہفتے قبل نوپور شرما کے متنازعہ بیان پر ہی زبردست تشدد ہوا تھا، وہاں اس ہفتہ امن و امان دیکھنے کو ملا۔ پولیس کی زبردست سختی کی وجہ سے کانپور میں تو کوئی ہنگامہ نہیں ہوا، لیکن دوسرے شہروں میں مسلمانوں کی ناراضگی کو نہیں دبایا جا سکا۔ جگہ جگہ نمازِ جمعہ کے بعد نعرہ بازی ہوئی اور نوپور شرما کے ساتھ ساتھ نوین کمار جندل کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

اتر پردیش کے کئی شہروں میں ہوئے تشدد کے واقعات کے پیش نظر نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کا بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ اگر سازش ہوئی ہے تو اس کا پردہ فاش بھی ہوگا۔ جہاں کہیں بھی سازش کر کے اس طرح کی شرارت کی گئی ہے وہاں جانچ کر سخت کارروائی کی جائے گی۔ ریاست میں جو بھی ماحول خراب کرنے کی کوشش کرے گا، جانچ کر کے اس کے خلاف شدید کارروائی کی جائے گی۔ اگر کوئی فساد کرانے کی کوشش کرے گا تو اس کے خلاف سختی برتی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔