تلنگانہ میں کانگریس کی 6 گارنٹی پر وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے لگائی مہر، معذور رجنی کو ملی ملازمت

تلنگانہ اسمبلی انتخاب سے قبل کانگریس نے جس 6 گارنٹی کا وعدہ عوام سے کیا تھا ان میں 200 یونٹ مفت بجلی اور کسانوں و خواتین کے لیے نقد امداد وغیرہ شامل ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر @kharge</p></div>

تصویر @kharge

user

قومی آوازبیورو

تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت بن چکی ہے اور ریونت ریڈی نے وزیر اعلیٰ کا حلف بھی لے لیا ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی موجودگی میں بھٹی وکرمارک نے نائب وزیر اعلیٰ کا اور دیگر 11 اراکین اسمبلی نے وزارتی عہدہ کا حلف لیا۔ حلف برداری تقریب کے بعد ہی کانگریس حکومت پوری طرح سرگرم ہو گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالتے ہی کانگریس کی 6 گارنٹی پر مہر لگا دی ہے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے حلف برداری کے بعد دو فائلوں پر دستخط کیے ہیں۔ پہلی فائل انتخاب سے پہلے کانگریس کی طرف سے دی گئیں 6 گارنٹیوں کی تھیں، اور دوسری فائل میں ایک معذور خاتون رجنی کو ملازمت دینے سے متعلق دستاویزات تھے۔ اس کے علاوہ بھی ریونت ریڈی نے کچھ اہم اقدام کیے ہیں۔ مثلاً انھوں نے وزیر اعلیٰ رہائش ’پرگتی بھون‘ کے باہر لگی لوہے کی باڑ کو ہٹوا دیا جس کی وجہ سے کئی سال سے لوگوں کو ٹریفک جام کی پریشانی ہو رہی تھی۔


جہاں تک رجنی کی ملازمت کا معاملہ ہے، وہ نامپلی حلقہ کے بوئی گوڈاکمان علاقہ سے تعلق رکھتی ہیں۔ رجنی دراصل وینکٹ سوامی اور ایک ریٹائرڈ ملازم منگاما کی پہلی اولاد ہے۔ معذور ہونے کے باوجود اس نے پوسٹ گریجویٹ تک تعلیم حاصل کی۔ اس کے باوجود انھیں ملازمت نہیں ملی۔ کانگریس نے انھیں اقتدار میں آنے پر سرکاری ملازمت دینے کا وعدہ کیا تھا۔ رجنی کو وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے حلف برداری تقریب میں بھی مدعو کیا تھا۔ ریونت ریڈی کو رجنی سے کیا گیا وعدہ یاد تھا، اس لیے انھوں نے آج ہی ملازمت کا تقرری نامہ اس کے حوالے کر دیا۔

بہرحال، عوام کے لیے یہ ایک بڑی خوشخبری ہے کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کانگریس کے ذریعہ دی گئی 6 گارنٹی کو پہلی فرصت میں منظوری دے دی ہے۔ اس سے قبل کرناٹک میں بھی کانگریس نے حکومت بنتے ہی اپنے وعدوں کو پورا کرنے کا عمل پہلے دن سے ہی شروع کر دیا تھا۔ آئیے جانتے ہیں تلنگانہ میں کانگریس کی 6 گارنٹی کیا ہے جس کو کانگریس حکومت کی منظوری آج ملی...


  1. مہالکشمی اسکیم: خواتین کو ہر ماہ 2500 روپے اور 500 روپے میں گیس سلنڈر۔ ساتھ ہی ریاستی ٹرانسپورٹیشن ٹی ایس آر ٹی سی کی بسوں میں خواتین کے لیے مفت سفر کی سہولت۔

  2. رایتھو بھروسہ: ریاست کے سبھی کسانوں کو 15 ہزار روپے فی ایکڑ کی مالی امداد اور زرعی مزدوروں کو 12 ہزار روپے دینے کا وعدہ۔

  3. گرہ جیوتی یوجنا: اس منصوبہ کے تحت ہر کنبہ کو 200 یونٹ بجلی مفت دیا جائے گا۔

  4. اندیرما اندلو منصوبہ: ان کنبوں کو گھر کے لیے زمین اور 5 لاکھ روپے کی مالی امداد دیں گے، جن کے پاس خود کا گھر نہیں ہے۔

  5. یوا وکاسم یوجنا: طلبا کو 5 لاکھ روپے کی امداد۔ اس کا استعمال وہ کالج کی فیس جمع کرنے میں کر سکیں گے۔

  6. چیوتھا یوجنا: بزرگوں اور کمزور طبقات کے لوگوں کو 4 ہزار روپے کی پنشن دی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔