چھتیس گڑھ: بیجاپور کے جنگل میں سیکورٹی فورسز اور نکسلیوں میں زبردست تصادم، 3 جوان شہید، 12 نکسلی بھی ہلاک

بیجاپور ضلع کے نکسل متاثرہ گنگالور علاقہ کے جنگل میں سیکورٹی فورسز اور نکسلیوں کے درمیان زبردست تصادم ہوا۔ اس میں 12 نکسلی ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ ڈی آر جی کے 3 جوان بھی شہید ہوئے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

چھتیس گڑھ کے بیجاپور ضلع میں بدھ (3 دسمبر) کی صبح نکسل متاثرہ گنگالور علاقہ کے جنگل میں سیکورٹی فورسز اور نکسلیوں کے درمیان زبردست تصادم ہوا۔ یہ علاقہ دنتے واڑہ ضلع کی سرحد سے متصل ہے، جہاں گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل اینٹی-نکسل آپریشن جاری ہے۔ اس تصادم میں 12 نکسلی ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ ڈی آر جی کے 3 جوان بھی شہید ہوئے ہیں۔ تینوں شہید جوانوں کے نام مونو وڈاڑی، دکارو گونڈے، رمیش سوڑی ہیں۔ ساتھ ہی ڈی آر جی کے ایک جوان سومدیو یادو کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جن کا علاج جاری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاستی پولیس کی ڈی آر جی، ایس ٹی ایف اور سی آر پی ایف کی کوبرا ٹیم کے ذریعہ ایک مشترکہ مہم چلائی گئی تھی۔ سیکورٹی افسران کی ٹیم جیسے ہی جنگل کے اندر داخل ہوئی، نکسلیوں نے گھات لگا کر فائرنگ شروع کر دی۔ شروعاتی جھڑپ کچھ ہی منٹوں میں بڑے تصادم میں تبدیل ہو گیا اور دونوں جانب سے مسلسل گولیاں چلتی رہیں۔ تصادم کے دوران مارے گئے تمام نکسلیوں کے لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ بستر آئی جی سندر راج پٹلنگم نے بتایا کہ تصادم کی جگہ سے اے ایل آر رائفلز اور 303 رائفل سمیت بڑی تعداد میں ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ علاقے میں تلاشی مہم اب بھی جاری ہے۔


 آج کی کارروائی سے ریاست میں نکسل مخالف محاذ کو ایک بار پھر مضبوطی حاصل ہوئی ہے۔ رواں سال چھتیس گڑھ میں اب تک 268 نکسلی انکاؤنٹر میں مارے جا چکے ہیں۔ ان میں سے 239 نکسلی صرف بستر ڈویژن میں ہلاک کیے گئے ہیں، جس میں بیجاپور اور دنتے واڑہ سمیت 7 اضلاع آتے ہیں۔ جبکہ 27 نکسلی گریابند ضلع میں مارے گئے اور درگ سنبھاگ میں 2 نکسلیوں کو سیکورٹی فورسز نے ڈھیر کیا ہے۔

بیجاپور میں آج کی گئی کارروائی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ سیکورٹی ایجنسیاں نکسل دہشت گردی کی جڑیں اکھاڑنے کے لیے مسلسل قدم اٹھا رہی ہے۔ گنگالور کے جنگلوں میں جاری تلاشی مہم سے مزید اہم برآمدگی کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سیکورٹی فورسز کو نکسل دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے آئندہ سال مارچ تک کی ڈیڈلائن دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔