لکھیم پور کھیری تشدد معاملہ میں مرکزی وزیر کے بیٹے آشیش مشرا سمیت 14 کے خلاف الزامات طے

لکھیم پور کھیری میں گزشتہ سال 3 اکتوبر کو تشدد ہوا تھا۔ اس میں 4 کسانوں سمیت 8 لوگ مارے گئے تھے۔ اس معاملے میں آشیش مشرا کو کلیدی ملزم قرار دیا گیا ہے۔

لکھیم پور کھیری سانحہ کا ملزم آشیش مشرا/ آئی اے این ایس
لکھیم پور کھیری سانحہ کا ملزم آشیش مشرا/ آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: لکھیم پور کھیری کے تکونیا میں ہوئے تشدد کے سلسلے میں منگل کے روز ضلع عدالت میں آشیش مشرا سمیت 14 ملزمان کے خلاف الزامات طے کیے گئے۔ آشیش مشرا مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ اجے مشرا ٹینی کے بیٹے ہیں۔ ضلع حکومت کے وکیل اروند ترپاٹھی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج سنیل کمار ورما کی عدالت میں تکونیا معاملہ میں آشیش مشرا سمیت 14 ملزمان کے خلاف الزامات طے کر دیئے گئے ہیں۔

اروند ترپاٹھی نے کہا کہ جن ملزمان پر الزامات طے کیے گئے ہیں ان میں آشیش مشرا کے علاوہ انکت داس، نندن سنگھ بشت، لطیف کالے، ستیم عرف ستیہ پرکاش ترپاٹھی، شیکھر بھارتی، سُمت جیسوال، آشیش پانڈے، لوکش رانا، شیشوپال، الاس کمار عرف موہت ترویدی، رنکو رانا، وریندر شکلا اور دھرمیندر بنجارا شامل ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ ویریندر شکلا کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 201 کے تحت الزامات طے کیے گئے ہیں۔ باقی ملزمان پر تعزیرات ہند کی دفعہ 147، 148، 149، 302، 307، 326، 427 اور 120 (b) اور موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعہ 177 کے تحت الزامات طے کیے گئے تھے۔ ترپاٹھی نے کہا کہ آشیش مشرا، انکت داس، نندن سنگھ بشت، ستیہ پرکاش ترپاٹھی، لطیف کالے اور سُمت جیسوال کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت بھی الزامات طے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عدالت نے استغاثہ سے کہا ہے کہ وہ 16 دسمبر کو عدالت میں ثبوت پیش کریں۔

قابل ذکر ہے کہ 3 اکتوبر 2021 کو نگھاسن علاقے کے تکونیا گاؤں میں کسانوں کے احتجاج کے دوران تشدد میں 4 کسانوں سمیت 8 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس معاملے میں مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا کو کلیدی ملزم قرار دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔