دہلی کے اسپتالوں میں افرا تفری کا ماحول، ریزیڈنٹ ڈاکٹرس نے او پی ڈی کاؤنٹر کیا بند

پیر کے روز ریزیڈنٹ ڈاکٹرس کے احتجاجی مظاہرہ میں دہلی پولیس کے ذریعہ لاٹھی چارج سے ناراض ڈاکٹروں نے مریضوں کے لیے سبھی او پی ڈی کاؤنٹر بند کر دیئے جس سے افرا تفری جیسی حالت دیکھنے کو مل رہی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

قومی راجدھانی دہلی میں پیر کے روز ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کے احتجاجی مظاہرہ پر دہلی پولیس نے کارروائی کی تھی جس کا اثر اب صاف دکھائی دینے لگا ہے۔ دہلی کے اسپتالوں میں مریضوں کے لیے سبھی او پی ڈی کاؤنٹر بند کر دیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ڈاکٹرس دہلی پولیس سے ان کے خلاف کی گئی کارروائی کے لیے معافی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

دہلی کے اسپتالوں میں افرا تفری کا ماحول، ریزیڈنٹ ڈاکٹرس نے او پی ڈی کاؤنٹر کیا بند

مرکز کے ماتحت صفدر جنگ اسپتال (جو ڈاکٹروں کی تحریک کا مرکز رہا ہے) میں او پی ڈی کاؤنٹر بند رہنے سے مشکل حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ ڈاکٹروں نے ایمرجنسی وارڈ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے سبب سبھی ایمرجنسی خدمات متاثر ہوئیں۔ یہاں تک کہ ناراض ڈاکٹروں نے ایمبولنس سروس کو بھی متاثر کیا۔ حالانکہ کچھ وقت بعد صفدر جنگ اسپتال میں او پی ڈی خدمات سینئر ڈاکٹروں اور صلاحکاروں کے ساتھ پھر سے شروع ہو گئیں۔


دہلی کے چاچا نہرو چلڈرن اسپتال میں بھی آج خدمات بری طرح متاثر ہوئیں کیونکہ مظاہرین ڈاکٹروں نے مریضوں کو اسپتال آنے سے روکنے کے لیے صدر دروازے کو ہی بند کر دیا۔ رام منوہر لوہیا اسپتال کے ڈاکٹروں نے بھی او پی ڈی اور دیگر طبی خدمات کچھ دیر کے لیے بند کر دیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کے ذریعہ پیر کو احتجاجی مظاہرہ کے دوران پولیس کے تشدد کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا تو سخت قدم اٹھایا جائے گا۔ کوئی کارروائی نہ ہونے کی صورت میں ایمس کے ریزیڈنٹ ڈاکٹرس ایسو سی ایشن نے بھی منگل کے روز سبھی غیر ایمرجنسی کام روکنے کا اعلان پہلے ہی کر دیا تھا۔

مظاہرین ڈاکٹروں نے پیر کے احتجاجی مظاہرہ کے دوران مظاہرہ کر رہے ڈاکٹروں پر پولیس کارروائی کے خلاف احتجاج درج کرانے کے لیے صفدر جنگ اسپتال سے مرکزی وزارت صحت دفتر کی طرف مارچ بھی نکالا۔ قابل ذکر ہے کہ ملک بھر کے آر ڈی اے 27 نومبر سے نیٹ پی جی کاؤنسلنگ 2021 کو کئی بار ملتوی کرنے اور اس کے بعد میڈیکل کالجوں میں ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کے نئے بیچ کے داخلہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔