گونڈہ: تین دلت بہنوں پر تیزاب پھینکنے کا معاملہ، ملزم آشیش گرفتار

اترپردیش کے ضلع گونڈہ کے پرسپور علاقے میں 3 سگی بہنوں پر تیزاب پھینکنے والے ملزم کو پولیس نے مڈبھیڑ کے بعد گرفتار کر لیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

گونڈہ: اترپردیش کے ضلع گونڈہ کے پرسپور علاقے میں 3 سگی بہنوں پر تیزاب پھینکنے والے ملزم کو پولیس نے مڈبھیڑ کے درمیان گرفتار کر لیا۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مہندر کمار نے بدھ کو یہاں بتایا کہ منگل کی دیر شام اطلاع ملی تھی کہ پسکا گاؤں میں تیزاب حملے کا ملزم آشیش کمار عر ف چھوٹو بائیک سے کہیں فرار ہونے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

اطلاع کے مطابق پولیس نے ملزم کو کرنل گنج۔ حضور پور شاہراہ پر گھیر کر روکنے کی کوشش کی تو ملزم کی بائیک پھسل کر گر گئی۔ اسی درمیان ملزم نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں آشیش کو گولی لگی جس سے وہ زخمی ہوگیا۔ پھر اسے گرفتار کرلیا گیا۔ اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی ملزم کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔


موقع پر بھاری تعداد میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مہندر کمار اور سی او (سرکل آفیسر) منا اپادھیائے خود موقع پر موجود رہے۔ زخمی ملزم آشیش عرف چھوٹو کو علاج کے لئے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ضلع کے پرسپور علاقے میں منگل کی علی الصبح پکا گاؤں کی رہنے والی تین بہنوں خوشبو (17)، کومل (12) اور آنچل (08) پر سوتے وقت ملزم آشیش نے تیزاب پھینک دیا تھا۔ حملے میں بڑی بہن شدید طور سے زخمی ہوگئی جبکہ چھوٹی بہنوں پر بھی تیزاب کی بوندیں پڑیں تھیں۔ تینوں ضلع اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔