کیا صرف ایک ہی شخص مندر جا سکتا ہے؟ راہل گاندھی کا سوال

بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران راہل گاندھی آسام کے نگاؤں ضلع میں واقع ویشنو شنکر دیو کی جائے پیدائش پر جانا چاہتے تھے، لیکن انتظامیہ کے ذریعے انہیں روک دیا گیا

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی آسام میں خواتین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے، تصویر @INCIndia</p></div>

راہل گاندھی آسام میں خواتین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے، تصویر @INCIndia

user

قومی آوازبیورو

آسام میں بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران کانگریس کے سابق صدر ایم پی راہل گاندھی نے ریاستی بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مجھے مندر جانے سے بھی روک رہی ہے۔ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا فی الوقت آسام کے نگاؤں ضلع میں ہے، اسی ضلع میں ویشنو سنت شنکر دیو کی جائے پیدائش بھی ہے۔ راہل گاندھی کا وہاں جانے کا پروگرام پہلے سے طے ہے، اس کے لیے اجازت نامہ بھی حاصل کرلیا گیا تھا لیکن عین وقت پر انہیں وہاں جانے روک دیا گیا۔

راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ’’پہلے انتظامیہ نے ان کو ویشنو سنت شنکر دیو کی جائے پیدائش پر جانے کی اجازت دی تھی لیکن اب منع کیا جا رہا ہے۔ چونکہ میں جائے پیدائش سے قریب موجود ہوں اور اس مقام کی صرف زیارت کرنے جانا چاہتا ہوں لیکن بھی مجھے نہیں جانے دیا جا رہا ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے وزیراعظم مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’لگتا ہے کہ آج صرف ایک آدمی کو ہی مندر جانے کی اجازت ہے۔‘‘ ویشنو شنکر دیو کی جائے پیدائش کی زیارت کے لیے نکلے راہل گاندھی کی پولیس افسران سے بحث بھی ہوئی۔ افسران نے ان سے کہا کہ ’’ہم آپ کو شام 3 بجے کے بعد جانے دے سکتے ہیں۔‘‘


پولیس افسران کے ذریعے راہل گاندھی کو یہ بھی بتایا گیا کہ ہمارے پاس آرڈر ہے۔ اس کے بعد راہل گاندھی نے پوچھا کہ ’’میں نے کیا غلطی کی ہے جو میں مندر نہیں جاسکتا؟ میرے پاس جانے کی اجازت ہے، مجھے مت روکو۔‘‘ پولیس افسران کے ذریعے روکے جانے پر راہل گاندھی نے ان سے بار بار یہ سوال کیا کہ ’’میری غلطی تو مجھے بتاؤ۔‘‘ نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق انتظامیہ نے راہل گاندھی کو بوردووا تھانہ جانے کی اجازت نہیں دی۔ اس کے بعد احتجاجاً راہل گاندھی اسی جگہ بیٹھ گئے جہاں انتظامیہ نے بیریکیڈ لگاتے ہوئے انہیں روکا تھا۔ حالانکہ مقامی ایم پی و ایم ایل ایز کو شنکر دیو مٹھ جانے کی اجازت  دی گئی لیکن راہل گاندھی کو نہیں دی گئی۔ واضح رہے کہ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا نگاؤں ضلع میں ہی ہے اور رام للا کی پران پرتشٹھا کے دن ان کا نگاؤں ضلع کے بوردووا تھانہ جانے کا بھی پروگرام تھا۔

آسام کے وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے ایک دن قبل ہی یہ کہا تھا کہ ’’راہل گاندھی کو بوردووا تھانہ میں شنکر دیو کی جائے پیدائش پر جانے سے بچنا چاہئے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’’بھگوان رام اور صوبے کے ایک آدرش کے طور پرمانے جانے والے ویشنو سنت کے درمیان کوئی مقابلہ نہیں ہو سکتا۔‘‘ انہوں نے راہل گاندھی سے بوردووا تھانہ نہیں جانے کی اپیل کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ ’’اس سے آسام کی غلط شبیہ بنے گی۔ راہل گاندھی رام للا کی پران پرتشٹھا کے بعد بوردووا تھانہ جاسکتے ہیں۔ مجھے نیشنل میڈیا کی اس خبر سے دکھ ہوا کہ جب پی ایم مودی ایودھیا میں پران پرتشٹھا پروگرام میں شامل ہورہے ہونگے تب راہل گاندھی بوردووا تھانہ کے ویشنو مٹھ میں ہونگے۔‘‘ کانگریس لیڈروں نے یہ صاف کیا تھا کہ راہل گاندھی پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق ویشنو مٹھ جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔