رواں سال جون تک 87 ہزار سے زائد ہندوستانیوں نے چھوڑی شہریت، وزیر خارجہ جئے شنکر نے بتائی اس کے پیچھے کی وجہ

مرکزی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کا کہنا ہے کہ تازہ اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد 2011 کے بعد سے ہندوستانی شہریت چھوڑنے والوں کی تعداد 17.50 لاکھ سے زائد پہنچ گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ایس جے شنکر، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

ایس جے شنکر، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے لوک سبھا میں ایسے لوگوں سے متعلق جانکاری دی جو کہ ہندوستان سے بیرون ممالک چلے گئے ہیں اور ہندوستانی شہریت چھوڑ دی ہے۔ جئے شنکر نے لوک سبھا میں بتایا کہ اب تک 87 ہزار سے زائد ہندوستانیوں نے اپنی شہریت ترک کر دی ہے۔ ایک سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے انھوں نے یہ جانکاری دی اور کہا کہ یہ تعداد جون 2023 تک کی ہے۔

ایس جئے شنکر کا کہنا ہے کہ تازہ اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد 2011 کے بعد سے ہندوستانی شہریت چھوڑنے والوں کی تعداد 17.50 لاکھ سے زائد پہنچ گئی ہے۔ شہریت چھوڑنے والے لوگ اب اس ملک کے شہری بن گئے ہیں جہاں جا کر وہ بسے ہیں۔ جئے شنکر نے لوک سبھا میں لوگوں کے ہندوستانی شہریت چھوڑنے کی وجہ بھی بتائی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کئی اشخاص نے ذاتی سہولت کی وجہ سے غیر ملکی شہریت کا متبادل منتخب کیا ہے۔ یہاں غور کرنے والی بات یہ ہے کہ ہندوستان دوہری شہریت کی پیشکش نہیں کرتا ہے۔ اس وجہ سے جب ہندوستانی شہری بیرون ممالک جاتے ہیں تو جس ملک میں وہ گئے ہیں، اس کے لیے پی آر محفوظ کرنے کے لیے انھیں کبھی کبھی اپنی ہندوستانی شہریت چھوڑنے کی ضرورت ہوتی ہے۔


بہرحال، وزیر خارجہ جئے شنکر نے لوک سبھا میں بتایا کہ 2022 میں 2 لاکھ 25 ہزار 620 ہندوستانیوں نے اپنی شہریت چھوڑ دی تھی، جبکہ 2021 میں ان کی تعداد 1 لاکھ 63 ہزار 370، اور 2020 میں 85 ہزار 256 تھی۔ اگر مزید پیچھے کی بات کریں تو 2019 میں 1 لاکھ 44 ہزار 17، 2018 میں 1 لاکھ 34 ہزار 561، 2017 میں 1 لاکھ 33 ہزار 49، 2016 میں 1 لاکھ 41 ہزار 603، 2015 میں 1 لاکھ 31 ہزار 489 اور 2014 میں 1 لاکھ 29 ہزار 328 ہندوستانیوں نے اپنی شہریت چھوڑ دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔