بلیمورا سورت سیکشن پر 2026 میں بلٹ ٹرین چلے گی: وزیر ریلوے

اشونی ویشنو نے کہا کہ پروجیکٹ کی تعمیر میں بہت اچھی پیش رفت ہو رہی ہے۔ وائڈکٹ کے ستون 61 کلومیٹر کی لمبائی میں بنائے گئے ہیں جبکہ 156 کلومیٹر کے فاصلے پر تعمیراتی کام زور و شور سے جاری ہے۔

ممبئی-احمد آباد بلٹ ٹرین پروجیکٹ کا معائنہ کرتے ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو
ممبئی-احمد آباد بلٹ ٹرین پروجیکٹ کا معائنہ کرتے ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو
user

یو این آئی

سورت: ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے آج صبح یہاں ممبئی-احمد آباد بلٹ ٹرین پروجیکٹ کا معائنہ کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سال 2026 میں بلیمورا اور سورت کے درمیان پہلی بلٹ ٹرین چلائی جائے گی۔ اشونی ویشنو کے ساتھ ریلوے کی وزیر مملکت درشنا جردوش، نیشنل ہائی اسپیڈ ریل کارپوریشن لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر، ستیش اگنی ہوتری، ویسٹرن ریلوے کے جنرل منیجر، نکنج مسانی، ڈویژنل ریلوے منیجر، وڈودرا بھی تھے۔ سورت اسٹیشن ممبئی-احمد آباد بلٹ ٹرین پروجیکٹ کے تحت 2024 میں تیار ہونے والا پہلا اسٹیشن ہوگا۔

اسٹیشن کے تعمیراتی کام کو دیکھنے کے بعد اشونی ویشنو نے میڈیا سے مختصر بات چیت میں کہا کہ پروجیکٹ کی تعمیر میں بہت اچھی پیش رفت ہو رہی ہے۔ وائڈکٹ کے ستون 61 کلومیٹر کی لمبائی میں بنائے گئے ہیں جبکہ 156 کلومیٹر کے فاصلے پر تعمیراتی کام زور و شور سے جاری ہے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کا خواب ہے کہ وہ ملک میں لوگوں کو جدید ترین عالمی معیار کی ریل سہولیات اور خدمات فراہم کریں۔ ان میں نئی ​​وندے بھارت ایکسپریس، آرمر پروٹیکشن سسٹم، بلٹ ٹرین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلٹ ٹرین 130 کروڑ ہندوستانیوں کی امنگوں کی علامت ہے۔


انہوں نے کہا کہ سورت کا ہائی اسپیڈ ریل اسٹیشن 2024 میں چلے گا اور اس پروجیکٹ کے پہلے حصے کے طور پر یہ ٹرین سال 2026 میں بلیمورا سے سورت اسٹیشنوں کے درمیان 48 کلومیٹر کے حصے میں چلے گی۔ جاپان کے تعاون سے بنائے جانے والے اس پروجیکٹ کا کام کووڈ کی وبا کے دوران متاثر ہوا تھا۔ پروجیکٹ سے وابستہ اعلیٰ ذرائع کے مطابق، اکتوبر-نومبر 2021 کے دوران منصوبے کے مختلف حصوں میں تعمیراتی کام میں تیزی آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مہاراشٹر میں زمین کے حصول میں حائل رکاوٹوں کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ گجرات کے واپی سے لے کر دادرا نگر حویلی کے سابرمتی تک 352 کلومیٹر طویل حصے کو جنگی بنیادوں پر بنایا جائے اور جب مہاراشٹر میں کافی زمین دستیاب ہو، اس کے لیے فوری طور پر ٹینڈر جاری کیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔