’غریبوں کے گھر پر بلڈوزر چل رہا، اپنے بنگلہ کی سجاوٹ میں لاکھوں روپے کا خرچ‘، کانگریس کا وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا پر حملہ

کانگریس نے کہا کہ ’’دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کے لیے عوام کے پیسوں سے عالیشان محل سجایا جا رہا ہے۔ جس میں 24 اے سی، 6 لاکھ کے جھومر اور ہینگنگ لائٹ، 5 بڑے ٹی وی اور 16 پنکھے ہوں گے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا / آئی اے این ایس</p></div>

دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

دہلی کی نئی وزیر اعلی ریکھا گپتا کے بنگلہ کو سجانے کر عالیشان بنانے کی تیاری چل رہی ہے۔ اس میں لاکھوں روپے کا خرچ آئے گا۔ اس تعلق سے کانگریس نے وزیر اعلی کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک طرف ریکھا گپتا کے نئے بنگلہ کو پُرتعیش بنانے کی تیاری ہو رہی ہے اور دوسری جانب غریب لوگوں کے گھروں پر بلڈوزر چلایا جا رہا ہے۔ ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں کہا جا رہا ہے کہ ’’دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کے لیے عوام کے پیسوں سے عالیشان محل سجایا جا رہا ہے۔ جس میں 24 اے سی، 6 لاکھ کے جھومر اور ہینگنگ لائٹ، 5 بڑے ٹی وی اور 16 پنکھے ہوں گے۔‘‘ ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’’5 لاکھ سے زیادہ کے فریج، گیزر، واشنگ مشین، مائیکرو ویو اور ڈِش واشر لگائے جائیں گے۔ اس طرح محل کی سجاوٹ کے پہلے مرحلہ میں 60 لاکھ روپے پانی کی طرح بہائے جائیں گے۔‘‘

ایک طرف وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اپنے بنگلہ کو آرام دہ اور عالیشان بنا رہی ہیں، اور دوسری طرف ان کا دعویٰ ہے کہ کیجریوال کے ’شیش محل‘ کو وہ عوام کے سپرد کر رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے بدھ کو عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال پر حملہ بولتے ہوئے الزام لگایا کہ سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے عوام کی محنت کی کمائی سے اپنی عیاشی کے لئے شیش محل بنایا تھا۔ ریکھا گپتا نے آج ثقافت اور سیاحت کے مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت، لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ پروین کھنڈیلوال کے ساتھ شالیمار باغ شیش محل پارک کی تزئین و آرائش کے بعد افتتاح کیا۔


ریکھا گپتا کے مطابق شیش محل جو عوام کی محنت کی کمائی سے بنایا گیا تھا اب لوگوں کی سہولت کے لیے وقف کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’پہلے اور آج کی حکومت میں یہی فرق ہے۔ عوام کا شیش محل اب آباد رہے لیکن جن لوگوں نے اپنے مفاد کے لئے کیا اسے تو قانون ہی دیکھے گا۔‘‘ کیجریوال حکومت کے دوران بنائے گئے شیش محل کے افتتاح کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس کا افتتاح کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سمت میں کام کیا جا رہا ہے کہ عوام کے خزانے سے لیا گیا پیسہ ان کے خزانے میں جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی حکومت دارالحکومت کے شاندار ورثے کے تحفظ کے ساتھ ساتھ تاریخی مقامات کے تحفظ، احیاء اور عوام کے لیے قابل رسائی بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔

(یو این آئی اِن پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔