بی جے پی کے بالی ووڈ ڈرگ کنکشن کی دوبارہ تفتیش کی جائے: کانگریس

سچن ساونت نے بتایا کہ بی جے پی کے بالی ووڈ ڈرگ کنکشن سے متعلق تمام ثبوت ریاستی حکومت نے قومی تفتیشی ایجنسی کے حوالے کردیئے تھے لیکن اس کے باوجود این سی بی نے ابھی تک اس معاملے کی تفتیش نہیں کی ہے۔

کانگریس لیڈر سچن ساونت (تصویر سوشل میڈیا)
کانگریس لیڈر سچن ساونت (تصویر سوشل میڈیا)
user

یو این آئی

ممبئی: فلم اداکار سوشانت سنگھ راجپوت موت معاملے کی تحقیق ملک کی تین ایجنسیوں نے کی، لیکن انہیں کچھ نہیں ملا۔ این سی بی کی تفتیش بھی عوام کوگمراہ کرنے کے لیے کی گئی اور وہ بھی ٹائیں ٹائیں فش ہوگئی۔ اس معاملے میں بی جے پی کا ڈرگ اینگل آیا تھا اور مودی کی بایو پیک بنانے والوں کا نام بھی تفتیش میں سامنے آیا تھا، اس لیے بالی ووڈ و بی جے پی کے کنکشن کی تفتیش کی جائے۔ کانگریس کی جانب سے یہ مطالبہ 31 اگست 2020 کو کیا گیا تھا۔ اسی مطالبے پر ازسرِ نوغور کرنے کے لیے آج کانگریس پارٹی کے ایک وفد نے ریاستی وزیر داخلہ انیل دیشمکھ سے ملاقات کی ہے اور بی جے پی کا بالی ووڈ ڈرگ کنکشن کی ازسرِ نوتفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔

کانگریس پارٹی کے اس وفد کی قیادت پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری وترجمان سچن ساونت نے کی۔ اس وفد میں ڈاکٹر راجوواگھمارے اور رتناکر سنگھ شامل تھے۔ اس تعلق سے معلومات دیتے ہوئے سچن ساونت نے بتایا کہ وزیر داخلہ نے ہمارے مطالبے کے بعد کہا ہے کہ ڈرگ کنکشن کا یہ معاملہ انتہائی سنگین ہے۔ وویک اوبرائے کا بی جے پی سے نہایت قریبی تعلق ہے اور وہ بی جے پی کے اسٹار پرچارک بھی رہ چکے ہیں۔ اس سے قبل اس معاملے کی تفتیش کے لیے ریاستی حکومت کی جانب سے ایس آئی ٹی تشکیل کی سفارش کی گئی تھی، لیکن اس تفتیشی سسٹم پر زبردست دباؤ محسوس ہوتا ہے۔ اس کے باوجود دوبارہ این سی بی سے یہ مطالبہ کیا جائے گا اور اگر این سی بی نے تفتیش نہیں کی تو ممبئی پولیس اس کی تفتیش کرے گی۔


سچن ساونت نے بتایا کہ بی جے پی کے بالی ووڈ ڈرگ کنکشن سے متعلق تمام ثبوت ریاستی حکومت کی جانب سے وزیرداخلہ انیل دیشمکھ نے قومی تفتیشی ایجنسی کے حوالے کردیئے تھے لیکن اس کے باوجود این سی بی نے ابھی تک اس معاملے کی تفتیش نہیں کی ہے۔ اس معاملے میں وزیراعظم نریندرمودی کی بایوپیک بنانے والوں کے نام تھے۔ ان لوگوں کی تفتیش کرنے کا مطالبہ بی جے پی کے لیڈر سبرامینیم سوامی نے بھی کی تھی لیکن اس سمت میں تفتیش ہی نہیں کی گئی۔ ریاستی حکومت کی درخواست کے باوجود اس کی تفتیش نہیں کی گئی۔ اس معاملے میں سندیپ سنگھ و وویک اوبرائے کا نام بھی تھا۔ ڈرگ کنکشن کے معاملے میں بنگلورو پولیس ممبئی آکر فلم اداکار وویک اوبرائے کے گھرپر چھاپہ مارا لیکن حیرت کی بات ہے کہ قومی تفتیشی ایجنسی کو اس کے لیے وقت نہیں مل رہا ہے۔ بنگلورو پولیس نے 15 اکتوبر کو وویک اوبرائے کے گھر پر چھاپہ مارا ہے اور اسی دن لاک ڈاؤن کے بعد ملک بھر میں جس پہلی فلم کی نمائش کی گئی وہ نریندرمودی کی بایو پیک تھی۔ اس لحاظ سے یہ قدرت کا اتفاق ہے۔ سچن ساونت نے کہا کہ ہم نے وزیر داخلہ سے بی جے پی کے بالی ووڈ کنکشن کی دوبارہ تفتیش کا مطالبہ کیا ہے، ہمیں یقین ہے اور ہمارے پاس ثبوت بھی ہیں کہ بی جے پی اس ڈرگ کنکشن میں براہ راست ملوث ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔