’بی جے پی نے ملک کو فرقہ وارانہ پولرائزیشن کی تاریکی والے عہد میں دھکیل دیا‘

مذہبی پولرائزیشن اور نفرت بھرے ماحول کو لے کر کانگریس نے بی جے پی پر ایک بار پھر سے زوردار حملہ کیا ہے، اس کا الزام ہے کہ بی جے پی ہندوستان کی صدیوں قدیم روایت ’وسودھیو کٹمبکم‘ کی بے عزتی کر رہی ہے۔

سرجے والا
سرجے والا
user

قومی آوازبیورو

ملک میں مذہبی پولرائزیشن اور نفرت بھرے ماحول کو لے کر کانگریس نے بی جے پی پر ایک بار پھر سے زوردار حملہ کیا ہے۔ کانگریس کا الزام ہے کہ بی جے پی ہندوستان کی صدیوں قدیم روایت ’وسودھیو کٹمبکم‘ (پوری دنیا ایک کنبہ ہے) کی بے عزتی کر رہی ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا نے پیر کے روز راجدھانی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پر یہ الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی ایک طرف تو مذہبی پولرائزیشن کر نفرت پھیلاتے ہوئے ہندوستان کی صدیوں قدیم روایت ’وسودھیو کٹمبکم‘ کی روایت کی بے عزتی کرتی ہے، تو دوسری طرف سبھی مذاہب کا احترام کرنے کا ڈھونگ اور ڈرامہ کرتی ہے۔ یہ دوغلی زبان حیرت انگیز ہے۔ اسے ہی تو کہتے ہیں ’نو سو چوہے کھا کر بلی حج کو چلی‘۔‘‘

رندیپ سرجے والا نے مرکز کی مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کے لیے آج اصل ایشو کا کوئی معنی نہیں رہ گیا ہے۔ بی جے پی ووٹ بٹورنے کے لیے ہمیشہ نئے الفاظ تیار کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی قیادت نے ووٹ بٹورنے کے لیے ایک ڈکشنری تیار کر لیا ہے۔ اس میں ’شمشان-قبرستان‘، ’80 بنام 20‘، ’بلڈوزر‘، ’گرمی نکالنا‘ جیسے الفاظ ہیں۔ بی جے پی کی سیاست میں ’ترقی‘، ’روزگار‘، ’تعلیم‘، ’زراعت‘، ’آبپاشی‘، ’بجلی‘، ’بنیادی ڈھانچہ‘ جیسے الفاظ کے معنی نہیں رہ گئے۔‘‘


کانگریس جنرل سکریٹری نے بی جے پی کے سامنے کئی سوالات بھی رکھے۔ انھوں نے پوچھا کہ کیا بی جے پی اپنے طور طریقوں میں تبدیلی لانے کے تئیں سنجیدہ ہے؟ کیا اب ہندوستان کی روح، نظریہ اور انسانیت کی اجماعی روایت پر ’نفرت کا بلڈوزر‘ چلنا بند ہو جائے گا؟ ساتھ ہی رندیپ سرجے والا نے پوچھا کہ اپنے سیاسی مفادات کے حصول کے لیے برسراقتدار بی جے پی کو ملک کی شبیہ پر چوٹ مارنے کا اختیار کس نے دیا؟ بی جے پی ترجمان کے ذریعہ نفرت بھرے بیان دینے کو لے کر بھی کانگریس لیڈر نے بی جے پی کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔ انھوں نے پوچھا کہ کیا بی جے پی قیادت غلط سیاسی مفادات کو حاصل کرنے کے لیے ملک کو فرقہ وارانہ پولرائزیشن کے تاریک عہد میں نہیں دھکیل رہی ہے؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */