پی ایم مودی اپنے عہدہ کا وقار قائم رکھیں، پنجاب ریلی میں بھیڑ نہیں آئی تو بی جے پی ’سیکورٹی چوک‘ کا بنا رہی بہانہ: کانگریس

ریاست کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی نے کہا کہ بی جے پی لیڈران سیاست کر رہے ہیں، وزیر اعظم کا ہیلی کاپٹر سے جانے کا پروگرام تھا، اچانک راستہ بدل دیا گیا، میں اپنے کسانوں پر لاٹھی چارج نہیں کروا سکتا۔

پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

پنجاب میں ریلی کے لیے وزیر اعظم کی سیکورٹی میں مبینہ چوک کے الزامات پر کانگریس نے بی جے پی پر حملہ کیا ہے۔ کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ پنجاب کے فیروزپور میں پی ایم مودی کی ریلی میں بھیڑ نہیں آئی تو سیکورٹی میں چوک کا بہانہ بنا کر عوامی جلسہ کو رد کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم اپنے عہدہ کے وقار کو دھول میں نہ ملائیں۔

کانگریس جنرل سکریٹری اور پارٹی ترجمان رندیپ سرجے والا نے بدھ کو کہا کہ یہ الزامات در الزامات کا دور چلانے کی جگہ بی جے پی اور وزیر اعظم کو اپنے کسان مخالف رخ پر غور و فکر کرنی چاہیے، کہ آخر کیوں کسان مرکز کی مخالفت کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے عہدہ کے وقار کو قائم رکھا جانا چاہیے۔


سرجے والا نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم مودی نے آخری وقت میں راستہ بدل دیا۔ وزیر اعظم کی سیکورٹی کی ذمہ داری خصوصی سیکورٹی ٹیم (ایس پی جی) کی ہوتی ہے۔ ایس پی جی ہی راستہ مقرر کرتی ہے۔ سیکورٹی میں ہوئی چوک ایس پی جی کی ہے، کیونکہ ریاستی حکومتوں کی پولیس صرف ایس پی جی کو تعاون کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھٹنڈا ائیرپورٹ سے بہ راستہ سڑک فیروزپور جانے کا فیصلہ وزیر اعظم نے آخری وقت میں لیا۔ اس وجہ سے پنجاب پولیس کو روٹ مینیج کرنے میں دقت ہوئی۔ سڑک راستہ کا استعمال کرنا وزیر اعظم کے پہلے سے طے پروگرام کا حصہ نہیں تھا۔

سرجے والا نے دعویٰ کیا کہ ریلی کی جگہ پر پنجاب پولیس کے 10 ہزار پولیس اہلکاروں کو وزیر اعظم کی سیکورٹی میں لگایا گیا تھا۔ اچانک راستہ بدلنے سے پولیس اہلکاروں کو وزیر اعظم کے راستے میں آئے مظاہرین کو ہٹانے میں 15 منٹ کا وقت لگا۔ انھوں نے کہا کہ یہ مظاہرین کسان سنیوکت مورچہ اور کسان مزدور سنگھرش سمیتی کے رکن تھے۔ جو لگاتار مرکزی حکومت سے اپنے مطالبات کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی پورے ملک کے وزیر اعظم ہیں اور کانگریس پارٹی کے لیے بھی بے حد اہم ہیں۔ کانگریس حکمراں ریاستیں ہمیشہ ان کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہیں۔


اس معاملے میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ انھوں نے پریس کانفرنس کر کہا ہے کہ ’’وزیر اعظم کا ہیلی کاپٹر سے جانے کا پروگرام تھا۔ اچانک راسہ بدلا گیا۔ بی جے پی کے لیڈران سیاست کر رہے ہیں۔ میں اپنے کسان پر لاٹھی چارج نہیں کروا سکتا۔ چنّی نے یہ بھی کہا کہ اگر وزیر اعظم کی سیکورٹی میں چوک ہوئی ہے تو پنجاب حکومت اس کی جانچ کروائے گی۔

غور طلب ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کو پنجاب دورے پر تھے۔ جہاں انھیں اک ریلی کو خطاب کرنے کے لیے جانا تھا۔ پی ایم سب سے پہلے بھٹنڈا پہنچے تھے۔ جس کے بعد انھیں ہیلی کاپٹر سے حسینی والا میں نیشنل شہید اسمارک کے لیے جانا تھا۔ لیکن خراب موسم کے سبب انھوں نے سڑک راستہ سے جانے کا فیصلہ کیا، جہاں مظاہرین کے ان کے روٹ میں آنے کی وجہ سے وزیر اعظم کے قافلے کو 15 منٹ تک انتظار کرنا پڑا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔