یوپی انتخاب سے قبل ریاست میں 52 لاکھ سے زائد نئے ووٹر جڑے اور 21 لاکھ ہٹائے گئے، انتخابی کمیشن کی فہرست جاری

ریاست کے چیف الیکٹورل افسر نے بتایا کہ کمیشن کو 74 لاکھ سے زیادہ درخواست موصول ہوئے تھے، ان میں سے 52.80 لاکھ نام جوڑے گئے ہیں، جب کہ 21.40 لاکھ ناموں کو کاٹا گیا ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

انتخابی کمیشن نے اتر پردیش انتخاب سے قبل ووٹر لسٹ کی آخری اشاعت آج جاری کر دی۔ اس مرتبہ ووٹرس مختصر جائزہ مہم میں ریاست میں 52 لاکھ 80 ہزار 882 نئے ووٹرس جوڑے گئے ہیں، جب کہ 21 لاکھ 40 ہزار 278 ووٹرس کے نام فہرست سے ہٹائے گئے ہیں۔

چیف الیکٹورل افسر اجے کمار شکلا نے بتایا کہ ریاست میں مجموعی طور پر 15 کروڑ 2 لاکھ 84 ہزار 5 ووٹرس ہیں۔ فہرست میں 14 لاکھ 66 ہزار 470 نوجوان ووٹرس جوڑے گئے ہیں جن کی عمر 18 سال سے 19 سال ہے۔ فہرست میں 19-18 سال کی عمر والے طبقہ کے ووٹروں کی تعداد 19 لاکھ 89 ہزار 902 ہے۔ اس میں 10 لاکھ 62 ہزار 410 مرد اور 9 لاکھ 26 ہزار 945 خواتین اور 547 تیسری جنس کے نوجوان ہیں۔


چیف الیکٹورل افسر کے مطابق آخری شائع ووتر لسٹ ریاست کے سبھی ووٹنگ مراکز کے متعلقہ بوتھ پر آئندہ ایک ہفتہ کے لیے دکھائی جائے گی، جس میں سبھی ووٹرس اپنا نام دیکھ سکتے ہیں۔ ووٹر لسٹ چیف الیکٹورل افسر اور ضلع الیکٹورل افسر کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہوگی۔ چیف الیکٹورل افسر نے ریاست کے سبھی ووٹروں سے فہرست میں اپنا نام دیکھنے کی اپیل کی ہے۔ ریاست میں اس وقت ایک لاکھ 74 ہزار 351 پولنگ اسٹیشن ہیں۔

چیف الیکٹورل افسر نے بتایا کہ یکم جنوری 2022 کو 18 سال کی عمر پوری کرنے والے نوجوانوں کو ووٹر بنانے، اور جن کی موت ہو گئی ان کے نام ہٹانے کے لیے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ووٹر لسٹ مختصر جائزہ مہم چلایا تھا۔ کمیشن کو 74 لاکھ کے قریب درخواست برآمد ہوئے۔ ان میں سے 52.80 لاکھ نام جوڑے گئے ہیں، جب کہ 21.40 لاکھ نام کاٹے گئے۔ مہم کے دوران 18 اور 19 سال کی عمر کے 19.79 لاکھ ووٹروں کے نام جوڑے گئے ہیں۔


ریاست میں گزشتہ 10 سالوں میں مردوں کے مقابلے میں خواتین ووٹروں کی تعداد اس بار بڑھی ہے۔ اس وقت ایک ہزار مردوں کے مقابلے 868 خواتین ہیں۔ سال 2012 میں ایک ہزار مردوں پر محض 816 خواتین ہی تھیں۔ ریاست میں معذور ووٹروں کی تعداد 10.64 لاکھ کے قریب ہے۔ اس اسمبلی انتخاب میں 80 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ ووٹروں اور معذوروں کو گھر بیٹھے پوسٹل بیلٹ کی سہولت دی جا رہی ہے۔

ریاست میں کورونا انفیکشن کے سبب 1500 ووٹروں کی جگہ 1200 ووٹروں پر ایک پولنگ بوتھ تیار کیا گیا ہے۔ اس بار بوتھوں کی تعداد ایک لاکھ 74 ہزار 351 ہے۔ پہلے بوتھوں کی تعداد ایک لاکھ 64 ہزار 472 تھی۔ علاوہ ازیں پولنگ اسٹیشن کی تعداد بھی 91 ہزار 572 سے بڑھ کر 92 ہزار 821 ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */