’بی جے پی اپنی ناکامیوں سے توجہ بھٹکانے کے لیے مذہب کی سیاست کر رہی‘، سچن پائلٹ نے الیکشن کمیشن پر بھی اٹھائے سوال

اودھم پور لوک سبھا حلقہ سے اپنی پارٹی کے امیدوار چودھری لال سنگھ کے لیے انتخابی تشہیر کرتے ہوئے پائلٹ نے بی جے پی حکومت پر آج زوردار حملہ کیا اور بتایا کہ کیوں وہ مذہب کی سیاست کرنے پر آمادہ ہے۔

<div class="paragraphs"><p>اودھم پور میں انتخابی تشہیر کرتے ہوئے سچن پائلٹ، تصویر @INCIndia</p></div>

اودھم پور میں انتخابی تشہیر کرتے ہوئے سچن پائلٹ، تصویر @INCIndia

user

قومی آوازبیورو

کانگریس لیڈر سچن پائلٹ نے جموں و کشمیر میں آج انتخابی تشہیر کے دوران بی جے پی حکومت کو تو تنقید کا نشانہ بنایا ہی، الیکشن کمیشن کو بھی کٹہرے میں کھڑا کر دیا۔ انھوں نے منگل کے روز ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب اپوزیشن پارٹیوں کے اکاؤنٹس پر لین دین سے متعلق روک لگائی گئی اور منتخب وزرائے اعلیٰ کو جیل بھیج دیا گیا تب بھی الیکشن کمیشن ’خاموش‘ رہا۔

پائلٹ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بن کر دیکھ رہا ہے۔ چنڈی گڑھ کے میئر عہدہ کے الیکشن میں ہمیں انصاف کے لیے سپریم کورٹ کا رخ کرنا پڑا اور ہمیں انصاف ملا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ کانگریس کے اکاؤنٹس سیل کر دیے گئے، منتخب وزرائے اعلیٰ کو جیل میں ڈال دیا گیا اور اپوزیشن کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی گئی، پھر بھی کمیشن خاموش ہے۔


اودھم پور لوک سبھا حلقہ سے اپنی پارٹی کے امیدوار چودھری لال سنگھ کے لیے انتخابی تشہیر کرتے ہوئے پائلٹ نے بی جے پی حکومت پر شدید حملہ کیا۔ انھوں نے الزام لگایا کہ ترقی کے محاذ پر اپنی ناکامیوں سے توجہ بھٹکانے کے لیے بی جے پی مذہب کی سیاست کر رہی ہے۔ بی جے پی لیڈروں پر حملہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’وہ اپنی سیاست کو مندر-مسجد، ہندو-مسلم، ہندوستان اور پاکستان جیسے ایشوز کے آس پاس مرکوز رکھتے ہیں۔ اسکول، کالج، اسپتال، معیشت، روزگار، خواتین، نوجوان، کسان و مہنگائی سے متعلق ایشوز میں ان کی کوئی دلچسپی نہیں ہے۔‘‘

پائلٹ نے دعویٰ کیا کہ پورے ملک میں تبدیلی کی لہر چل رہی ہے۔ میں آندھرا پردیش، کیرالہ، مہاراشٹر، پنجاب، ہریانہ، راجستھان، چھتیس گڑھ گیا، میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ میڈیا اور سوشل میڈیا جو دکھا رہا ہے، وہ حقیقت نہیں ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بی جے پی حکومت کی 10 سالہ حکومت پر لوگ سوال اٹھا رہے ہیں۔ لوگ بی جے پی حکومت کے 10 سال کی زمینی رپورٹ کارڈ مانگ رہے ہیں۔’’


سچن پائلٹ نے کانگریس کے انتخابی منشور پر بھی روشنی ڈالی۔ انھوں نے ’5 نیائے‘ کا تذکرہ کیا جس میں یہ گارنٹی بھی شامل ہے کہ غریب کنبوں کی خواتین کے اکاؤنٹ میں سالانہ ایک روپے جمع کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کی حکومت میں باہری لوگ زمینوں پر قبضہ کر رہے ہیں۔ جن زمینوں پر زراعت کی جا رہی ہے، انھیں لوگوں سے چھین کر باہری لوگوں کو دیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔