’مرکز میں انڈیا بلاک کی حکومت بننے پر چائے باغان مزدوروں کی مزدوری بڑھائیں گے‘، آسام میں پرینکا گاندھی کا اعلان

روڈ شو کے دوران بھیڑ کو خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے دعویٰ کیا کہ برسراقتدار طبقہ آئین کو بدلنا چاہتا ہے، اور اگر ایسا ہوا تو ملک کے عام لوگوں کو سب سے زیادہ نقصان ہوگا۔

<div class="paragraphs"><p>آسام میں روڈ شو کے دوران بھیڑ سے خطاب کرتی ہوئی پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia</p></div>

آسام میں روڈ شو کے دوران بھیڑ سے خطاب کرتی ہوئی پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia

user

قومی آوازبیورو

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آسام کے جورہاٹ میں آج پارٹی امیدوار گورو گگوئی کی حمایت میں روڈ شو کیا۔ اس روڈ شو کے دوران لوگوں کی زبردست بھیڑ سڑکوں پر دکھائی دی۔ اس دوران پرینکا گاندھی نے کہا کہ اگر انڈیا بلاک کو لوک سبھا انتخاب میں فتحیابی نصیب ہوتی ہے تو چائے باغان مزدوروں کی مزدوری بڑھائی جائے گی۔

بھیڑ سے خطاب کے دوران پرینکا گاندھی نے مرکز کی نریندر مودی حکومت پر خوب حملہ کیا۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ برسراقتدار پارٹی آئین کو بدلنا چاہتا ہے، اور اگر ایسا ہوا تو ملک کے عام لوگوں کو سب سے زیادہ نقصان ہوگا۔ ساتھ ہی پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’جب میں دو تین سال قبل اسمبلی انتخاب سے پہلے آسام آئی تھی اور چائے باغانوں کا دورہ کیا تھا تو میں نے کانگریس کی حکومت بننے پر مزدوری بڑھانے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن آپ نے بی جے پی کو منتخب کیا جس سے مزدوری نہیں بڑھی۔ میں آپ کو پھر سے بتا رہی ہوں کہ اگر ہم مرکز میں حکومت بناتے ہیں تو ہمارے انتخابی منشور میں چائے باغان مزدوروں کی مزدوری بڑھانے کی گارنٹی دی گئی ہے۔‘‘


جورہاٹ لوک سبھا سیٹ سے کانگریس امیدوار گورو گگوئی کا تذکرہ کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’جب بی جے پی لیڈران انتخابی تشہیر کرنے آتے ہیں تو وہ بے معنی ایشوز کے بارے میں بات کرتے ہیں، لیکن گورو گگوئی نے ہمیشہ عوامی ایشوز کو اٹھایا ہے۔‘‘ پی ایم مودی پر حملہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’بے روزگاری اب تک کی اعلیٰ ترین سطح پر ہے، لیکن وزیر اعظم نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں صرف دو بار اس کا تذکرہ کیا، جو کہ ان کے ’من کی بات‘ کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘

بڑھتی مہنگائی سے متعلق پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’اگر آپ مہنگائی پر قابو پانا چاہتے ہیں تو کانگریس کو ووٹ دیں۔ برائے کرم مذہب اور ذات کے نام پر ووٹ نہ کریں۔ یہ سبق سکھانے کا وقت ہے اور غلط طاقتوں کو آپ سبق سکھائیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔