’بی جے پی کے پاس نہ کوئی ایشو ہے، نہ ویژن، نہ چہرہ‘، ایم سی ڈی الیکشن کے پیش نظر چودھری انل کی پدیاترا

دہلی پردیش کانگریس صدر چودھری انل کمار نے پٹپڑ گنج اسمبلی حلقہ کے منڈاولی، کبیر نگر اور ونود نگر وارڈوں میں کانگریس امیدواروں کے جلسہ عام سے خطاب کیا اور نکالی گئی پدیاترا میں حصہ لیا۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز
user

قومی آوازبیورو

دہلی میونسپل کارپوریشن الیکشن کے پیش نظر دہلی میں سبھی سیاسی پارٹیوں کی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ بی جے پی اور عآپ کے ساتھ ساتھ کانگریس نے بھی اس بار ٹکر کے امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار امیدواروں کے حق میں ہوا سازگار بنانے کے لیے جگہ جگہ جلسہ عام سے خطاب بھی کر رہے ہیں۔ آج انھوں نے پٹپڑ گنج اسمبلی حلقہ کے ونود نگر، منڈاولی اور کبیر نگر وارڈ میں کانگریس امیدواروں کے حق میں انتخابی تشہیر کی اور کچھ مقامات پر عوام سے خطاب بھی کیا۔

’بی جے پی کے پاس نہ کوئی ایشو ہے، نہ ویژن، نہ چہرہ‘، ایم سی ڈی الیکشن کے پیش نظر چودھری انل کی پدیاترا

ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چودھری انل کمار نے کہا کہ ’’بی جے پی کے 15 سالوں کی بدعنوان حکومت اور عآپ کی کیجریوال حکومت کے 8 سالوں کی بدتر حکمرانی نے دہلی کو بدحال اور آلودہ کر دیا ہے۔ ہر طرف گندگی بھری ہوئی اور جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر دکھائی پڑتے ہیں۔ کانگریس دہلی کی عوام کے لیے بہتر ماحول بنانے کے تئیں پرعزم ہے۔ کارپوریشن انتخاب میں جیت حاصل کرنے کے بعد پوری دہلی کو صاف ہوا فراہم کرنے کے لیے، دہلی کو صاف ستھرا اور سبزہ زار بنانے کے لیے اہم اقدام کیے جائیں گے۔‘‘


چودھری انل کمار نے آج پدیاترا بھی کی جس میں کانگریس امیدوار وجئے کمار دوبے، اوشا چودھری اور رتنا شرما کے ساتھ کثیر تعداد میں کانگریس لیڈران اور کارکنان شامل ہوئے۔ کارکنان گلے میں پٹکا ڈال کر کانگریس کا پرچم لہراتے ہوئے چل رہے تھے۔ پدیاترا میں کانگریس کو حمایت دینے کے لیے مقامی باشندے بھی جمع ہو رہے تھے اور عوام کا یہ رجحان دیکھ کر کانگریس لیڈران کافی خوش تھے۔

’بی جے پی کے پاس نہ کوئی ایشو ہے، نہ ویژن، نہ چہرہ‘، ایم سی ڈی الیکشن کے پیش نظر چودھری انل کی پدیاترا

اس موقع پر چودھری انل کمار نے کہا کہ کارپوریشن میں 15 سالوں کی بدعنوانی کی وجہ سے بی جے پی کے پاس نہ کوئی ایشو ہے، نہ کوئی ویژن اور نہ ہی کوئی چہرہ۔ دہلی میونسپل کارپوریشن میں عآپ کی بھی حالت خراب ہے کیونکہ کیجریوال کی بدعنوان اور گمراہ کرنے والی شبیہ کو سبھی پہچان چکے ہیں۔ چودھری انل نے مزید کہا کہ ’’دہلی کی عوام ایم سی ڈی الیکشن میں کانگریس کو اکثریت دے گی اور کانگریس کے ’میری چمکتی دہلی‘ کے نعرے کو سچ بنانے کے لیے کانگریس امیدواروں کو ووٹ دے کر کارپوریشن میں کانگریس کو برسراقتدار کرے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔