بی جے پی حکومت کے وعدے انتخابی جملے ثابت ہوئے: اجے کمار للو

اجے کمار للو نے کہا کہ سال 2017 میں چندولی کی ریلی میں پی ایم مودی نے وعدہ کیا تھا کہ ایک سال کے اندر شکشا متروں کو مستقل کیا جائے گا، لیکن ساڑھے چار سال گزر گئے ابھی تک کوئی پیشرفت دکھائی نہیں دی ہے۔

 اجے کمار للو، تصویر آئی اے این ایس
اجے کمار للو، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش کانگریس صدر اجے کمار للو نے یوگی حکومت پر وعدہ خلافی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2017 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے جو وعدے کئے تھے ان وعدوں میں سے کوئی بھی پورا نہیں کیا گیا۔ اجے کمار للو نے منگل کو کہا کہ کورونا بحران میں مسائل کا شکار ایمولنس ڈرائیور ہڑتال پر ہیں۔ ان کی نوکری کو مستقل نہیں کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی انہیں تنخواہ نہیں مل رہی ہے۔ ان حالات میں ان ڈرائیوروں کا پریوار کیسے چلے گا اس پر حکومت کو کئی فکر نہیں ہے۔ حکومت ایمبولنس ڈرائیوروں کے مسائل کو حل کرنے کے بجائے انہیں دھمکا رہی ہے۔ ہڑتال کی وجہ سے ریاست کے ضرورت مند مریضوں کو بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شکشا متر اپنا پورا وقت خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سال 2017 میں چندولی کی ریلی میں وزیر اعظم نریندر مودی نے وعدہ کیا تھا کہ ایک سال کے اندر شکشا متروں کو مستقل کیا جائے گا لیکن ساڑھے چار سال گزر گئے ہیں ابھی تک کوئی پیش رفت دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ ریاست کے ہزاروں شکشا متروں نے خودکشی کرلی۔ ان کے کنبے یتیم ہوگئے لیکن حکومت کی کسی بھی قسم کی حساسیت نظر نہیں آئی۔ یہاں تک جو شکشامتر پنچایت انتخاب میں ڈیوٹی پر گئے تھے۔ ڈیوٹی کے دوران کورونا کی وجہ سے ان کی موت ہوگئی ان کے کنبے کے ایک رکن کو حکومت کے ذریعہ نوکری دینے کا وعدہ ابھی تک پورا نہیں ہوا ہے۔


اجے کمار للو نے کہا کہ منریگا میں کام کرنے والے ملازمین لگاتار اپنے اعزازیہ میں اضافہ کے لئے حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں۔ لیکن حکومت ان کو جھوٹے تیقن دے کر احتجاج کو ملتوی کرا رہی ہے لیکن کیا دھرنا ختم کرانے سے مسائل کا حل نکلے گا۔ آج مہنگائی اپنے شباب پر ہے اس لئے حکومت کو پوری سنجیدگی سے ان کے مسائل کو دیکھتے ہوئے ان کے اعزازیہ میں فوراً اضافے کا حکم دینا چاہئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔