چھتیس گڑھ ٹرین حادثہ: ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوئی، 20 زخمی، ریلوے نے سگنل کی غلطی کو وجہ قرار دیا

چھتیس گڑھ کے بلاسپور میں مسافر ٹرین مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی، جس میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہو گئی، جبکہ 20 زخمی ہوئے۔ ریلوے نے سگنل کی غلطی کو وجہ بتایا اور متاثرین کے لیے معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے

<div class="paragraphs"><p>بلاسپور میں ٹرین حادثہ کا منظر / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

چھتیس گڑھ کے بلاسپور میں منگل کی شام ایک خوفناک ریل حادثہ پیش آیا، جب گویرا روڈ سے بلاسپور جا رہی ایک مسافر ٹرین ایک کھڑی ہوئی مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہو گئی ہے، جبکہ 20 مسافر زخمی ہیں۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

یہ حادثہ بلاسپور-کٹنی سیکشن پر پیش آیا، جہاں تصادم کے باعث ٹرین کے کئی ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ ٹکر کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اوورہیڈ تار اور سگنلنگ سسٹم کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد ریلوے حکام اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

جنوب مشرقی وسطی ریلوے کے مطابق ابتدائی تفتیش میں حادثے کی وجہ ’سگنل اوورشوٹ‘ یعنی سگنل کی خلاف ورزی پائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، لوکل ٹرین نے لال سگنل کو نظرانداز کرتے ہوئے کھڑی مال گاڑی کے پچھلے حصے میں ٹکر ماری، جس سے کئی ڈبے الٹ گئے۔

ریلوے نے کہا کہ سگنل سسٹم کی مرمت اور پٹریوں کی صفائی کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے۔ حادثے کے بعد بلاسپور سے گزرنے والی متعدد ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے اور اس سیکشن پر ٹریفک عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔


چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائے نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی المناک واقعہ ہے۔ انہوں نے بلاسپور کے ضلع کلکٹر سے بات کر کے فوری ریلیف اور امداد کے اقدامات کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے ہمدردی ظاہر کی اور ریاستی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔

ریلوے انتظامیہ نے متاثرہ خاندانوں کے لیے معاوضے کا اعلان کیا ہے — جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کو 5 لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو ایک لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

متاثرین اور ان کے اہل خانہ کی سہولت کے لیے ریلوے نے ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کیے ہیں: بلاسپور- 7777857335، 7869953330، چانپا- 8085956528، رائے گڑھ- 9752485600، پینڈرا روڈ- 8294730162، کربا- 7869953330، اوسلاپور: 7777857338، حادثے کی جگہ- 9752485499، 8602007202۔

ریلوے حکام نے کہا ہے کہ حادثے کی مکمل جانچ کے بعد تفصیلی رپورٹ جاری کی جائے گی۔ فی الحال تمام توجہ زخمیوں کے علاج اور متاثرہ ٹریک کی بحالی پر مرکوز ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔