چھتیس گڑھ میں دردناک ٹرین حادثہ، مال گاڑی کے اوپر چڑھ گئی مسافر ٹرین، 6 افراد جاں بحق، کئی دیگر زخمی
زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ریلوے انتظامیہ نے راحت و بچاؤکاری کا عمل شروع کر دیا ہے۔ جائے وقوع پر سینئر ریلوے افسران اور ملازمین پہنچ چکے ہیں اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

چھتیس گڑھ کے بلاس پور میں ایک دردناک ٹرین حادثہ میں کم از کم 6 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ حادثہ منگل کی دوپہر پیش آیا، جب ایک میمو مسافر ٹرین کا کوچ مال گاڑی سے ٹکرا کر اس کے اوپر چڑھ گیا۔ یہ واقعہ بلاس پور اسٹیشن کے پاس شام تقریباً 4 بجے پیش آیا۔ ابتدائی جانکاری کے مطابق 6 ہلاکتوں کے علاوہ تقریباً ایک درجن افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
جنوب مشرقی سنٹرل ریلوے (ایس ای سی آر) کے مطابق حادثہ کے فوراً بعد راحت و بچاؤکاری کا عمل شروع کر دیا گیا۔ جائے وقوع پر سینئر ریلوے افسران اور ملازمین پہنچ چکے ہیں اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ریلوے افسران نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا ہے۔ ساتھ ہی حادثہ کی وجہ کا پتہ لگانے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ اسٹیشن کے آس پاس آمد و رفت متاثر ہوئی ہے، لیکن حالات کو معمول پر لانے کی کوششیں جاری ہیں۔
موصولہ اطلاع کے مطابق مال گاڑی اور مسافر گاڑی میں ہوئی ٹکر کے سبب اوور ہیڈ وائر اور سگنل سسٹم بری طرح متاثر ہو گئے ہیں، جس سے اس روٹ پر گاڑیوں کی آمد و رفت ٹھپ ہو گئی ہے۔ کئی ٹرینوں کو رَد یا ڈائیورٹ کیا گیا ہے۔ فی الھال ریلوے انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور صرف آفیشیل جانکاریوں پر بھروسہ کریں۔
اس درمیان ایس ای سی آر نے مسافروں اور اہل خانہ کی سہولت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہیلپ لائن نمبر جاری کیے ہیں۔ یہ نمبر مسافروں کی جانکاری اور مدد کے لیے 24 گھنٹے دستیاب رہیں گے۔ ہیلپ لائن نمبر اس طرح ہیں:
چمپا جنکشن: 808595652
رائے گڑھ: 975248560
پینڈرا روڈ: 8294730162
اس کے علاوہ جائے حادثہ پر بھی 2 ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر دستیاب کرائے گئے ہیں، جن پر فون کر کے اہل خانہ اور مسافر مدد حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ نمبر ہیں: 9752485499 اور 8602007202۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔