گورکھپور سے پریاگ راج جا رہی ’وندے بھارت‘ ٹرین پر پتھراؤ، مسافروں نے خوف کے عالم میں پورا کیا سفر

ٹرین کی بوگی نمبر 231144 کے شیشہ میں شگاف پڑنے کی جانکاری سامنے آئی ہے۔ حالانکہ کسی بھی مسافر کو چوٹ نہیں لگی ہے اور ٹرین اپنی منزل کی طرف مقررہ وقت پر روانہ ہو گئی۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ایک بار پھر ’وندے بھارت‘ ایکسپریس ٹرین پر پتھراؤ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس مرتبہ گورکھپور سے پریاگ راج کی طرف جانے والی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ پتھراؤ کی وجہ سے ٹرین کی بوگی نمبر 231144 کے شیشہ میں شگاف پڑ گیا۔ اس سے کچھ وقت کے لیے لوگوں میں خوف کا عالم پیدا ہو گیا۔ حالانکہ کسی بھی مسافر کو چوٹ نہیں آئی ہے، اور ٹرین اپنی منزل کی طرف مقررہ وقت پر روانہ ہو گئی۔ کچھ مسافروں نے خوف کے عالم میں ہی اپنے سفر کو پورا کیا۔

ہندی نیوز پورٹل ’دینک جاگرن‘ میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق گاڑی نمبر 22549 ’وندے بھارت‘ ایکسپریس ٹرین پر نامعلوم افراد نے پتھراؤ کر دیا تھا۔ جس بوگی کے شیشہ میں اس پتھراؤ کی وجہ سے شگاف پڑا، اس کے مسافر پریشان ہو گئے۔ رائے بریلی اسٹیشن پہنچنے پر اس شگاف کی خبر دھیرے دھیرے آس پاس کی بوگی میں بیٹھے مسافروں کو بھی ملی۔ شیشہ میں جہاں پر شگاف نظر آ رہا تھا، وہاں پر انتظامیہ کے ذریعہ ٹیپ لگا دیا گیا، اور پھر گاڑی کو آگے کے لیے روانہ کر دیا گیا۔


اس واقعہ کی جانکاری ملتے ہی متعلقہ محکمہ سرگرم ہو گیا۔ اس سلسلے میں رائے بریلی ریلوے اسٹیشن پر تعینات آر پی ایف پوسٹ انچارج انسپکٹر اے کے سنگھ سے جب رابطہ کیا گیا، تو انھوں نے واضح کیا کہ جہاں حادثہ پیش آیا، وہ رائے بریلی آر پی ایف حلقہ کے ماتحت نہیں ہے۔ انھوں نے یہ بھی مطلع کیا کہ بوگی کے شیشہ میں لکھنؤ کے آگے کسی جگہ پر شگاف پڑا ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ یہ وندے بھارت ٹرین گورکھپور جنکشن سے 6.05 بجے صبح میں چلی تھی، جو اپنے وقت مقررہ 1.35 بجے دوپہر سے 2 منٹ قبل ہی پریاگ راج جنکشن پہنچ گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔