بہار اسمبلی انتخابات: جہان آباد میں حجاب کا معاملہ، مسلم خاتون ووٹر کے باوقار انکار سے ممکنہ تنازعہ ٹل گیا

پولنگ بوتھ پر حجاب کا معاملہ سامنے آیا مگر مسلم خاتون ووٹر کے مہذب انکار نے تنازعہ پر روک لگا دی۔ خاتون نے ضابطے کے مطابق ووٹ ڈال کر خاتون اہلکار کو اپنا چہرہ دکھایا اور اپنا حق رائے دہی استعمال کیا

<div class="paragraphs"><p>مسلم خاتون ووٹرس، فائل تصویر</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بہار کے 20 اضلاع کی 122 اسمبلی نشستوں پر دوسرے مرحلے کے تحت ووٹنگ جاری ہے۔ اس دوران ایک بار پھر مسلم خواتین ووٹروں سے متعلق حجاب کا مسئلہ سامنے آیا، تاہم جہان آباد میں ایک باشعور خاتون ووٹر کے مہذب رویے نے ممکنہ تنازعہ کو ٹال دیا۔

واقعہ جہان آباد کے ایک پولنگ بوتھ پر پیش آیا، جہاں گیٹ پر چیکنگ کے دوران خاتون کو حجاب اتارنے کے لیے کہا گیا۔ خاتون نے احترام کے ساتھ انکار کرتے ہوئے کہا کہ ’’باہر بہت سے لوگ موجود ہیں، میں سب کے سامنے حجاب نہیں ہٹا سکتی۔ جب اندر ووٹ ڈالنے جاؤں گی، تب ضابطے کے مطابق چہرہ دکھا دوں گی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم حجاب اس لیے پہنتے ہیں تاکہ پردہ قائم رہے، سب کے سامنے اسے ہٹانا مناسب نہیں۔‘‘

پولنگ اہلکاروں نے خاتون کے اس معقول جواب کو قبول کیا۔ بعد ازاں خاتون اندر گئیں، ووٹ ڈالا، شناختی کارڈ پیش کیا اور بوتھ کے اندر خاتون اہلکار کے سامنے اپنا چہرہ دکھایا۔ ان کے اس عمل نے نہ صرف ضوابط کی پاسداری کی بلکہ احترام اور وقار کے ساتھ مذہبی جذبات کا بھی خیال رکھا۔

نیوز ایجنسی آئی اے این ایس سے گفتگو کرتے ہوئے ایک خاتون ووٹر نے کہا کہ انہوں نے سوچ سمجھ کر ووٹ دیا ہے تاکہ جہان آباد میں ترقی ہو، غریبوں کو فائدہ ملے اور سہولیات بہتر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں اسپتالوں، تعلیمی اداروں اور طبی سہولیات کی تعداد بڑھنی چاہیے۔ پولنگ بوتھ پر انتظامات کے بارے میں خاتون نے اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سہولیات بہتر تھیں اور ووٹنگ کا عمل پرامن رہا۔


انہوں نے کہا، ’’ووٹ دینا ہمارا حق ہے، ہمیں لازمی طور پر ووٹ ڈالنا چاہیے تاکہ ہمارا علاقہ، شہر اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ اب یہ دیکھنا ہوگا کہ جو بھی ایم ایل اے منتخب ہو کر آتے ہیں، وہ عوامی توقعات پر کس حد تک پورا اترتے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے پہلے مرحلے میں 6 نومبر کو 121 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی تھی، جبکہ آج دوسرے اور آخری مرحلے میں 122 نشستوں پر ووٹنگ جاری ہے۔ انتخابی نتائج کا اعلان 14 نومبر کو کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔